بھارت کشمیریوں کی پر امن آواز کو دبانے کیلئے سامراجی حربے آزمارہا ہے، بڑھتا ہوا ظلم وجبر اس بات کا عکاس ہے کہ بھارت ایک ہاری ہوئی جنگ لڑ رہا ہے، سیدعلی گیلانی

بدھ 9 مئی 2018 11:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے خاص طور پر جنوبی اضلاع میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے قتل عام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی پر امن آواز کو دبانے کے لئے سامراجی حربے آزمارہا ہے۔

انہوں نے مقبوضہ وادی کو خون میں نہلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہوں کا خون بالآخر ضرور رنگ لائے گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید نوجوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی عوام اپنے ان عظیم شہید کے مقروض ہیں جو اپنی اٹھتی جوانیاں قوم کی آزادی کیلئے قربان کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ ہم پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنے عظیم شہید کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے گزشتہ ستر برس سے فوجی طاقت استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقصد میں کامیاب نہیںہوا۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے کا چپہ چپہ بھارتی ظلم و ستم کی المناک داستانیں لیے اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ بھارت خود کوایک جمہوری ملک کہلوانے کا کوئی حق نہیں رکھتا۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ خود کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک گردانے والے بھارت نے دیڑھ کروڑ کشمیریوں کو اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت سے محروم کر رکھا ہے اور اسکے بدمست حکمران اپنے وعدے ایفاء کرنے کے بجائے اپنی فورسز کے ہاتھوں ایک منصوبہ بند طریقے سے کشمیریوں کی نسل کُشی کروارہے ہیں۔سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نے اس وقت جموں کشمیر کو عملاً ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے اور اس نے اپنی فورسز کو کشمیریوں کو خون میں نہلانے کی کھلی آزادی دے رکھی ہے۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ کشمیریوں کے تمام حقوق اس وقت سلب ہیں اور کسی کو بھارتی ظلم وجبر اورسفاکیت کے خلاف آواز اٹھانے کی اجازت نہیں ۔ انہوں نے پوری مقبوضہ وادی کو قتل گاہ اور ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کرنے کے بھارتی عمل کو اس کی شکست سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کے نشے میں چُور بزدل حکمران پُرامن اور جمہوری احتجاج کو برداشت کرنے کی ہمت نہیں کرپارہے لہذا انہوں نے قتل وغارت گری اور جیلوں ، تفتیشی مراکز کے دروازے کھول کر پوری نہتی آبادی کے خلاف عملاً اعلانِ جنگ کردیا ہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں چور ظالم حکمران یہ بات بھول جاتے ہیں کہ جب ظلم کی انتہا ہوتی ہے تو عوامی ردعمل سیلاب بن کر اقتدار کی بنیادوں کو ہلاکر زمین بوس کردیتا ہے۔ حریت چیئرمین نے عالمی برادری ، پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سنجیدہ نوٹس لیکر قتل وغارت رکونے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کا بڑھتا ہوا ظلم وجبر اس بات کا عکاس ہے کہ وہ جموں کشمیر میں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے ایک بھارتی سیاح کی پتھرائو کے نتیجے میں موت پر اپنے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔