امہ ویلفیئرٹرسٹ کا غرباء میں رمضان پیکج تقسیم کرنے کا اعلان

بدھ مئی 11:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے انچارج مولانا محمد ادریس اور کنٹری ڈائریکٹر صاحبزادہ عمران نے کہا ہے کہ امہ ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے ہر سال کی طرح اس سال بھی لاکھوں غریبوں میں رمضان پیکج تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے امہ ویلفیئر ٹرسٹ کی فلاحی خدمات اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امہ ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے ہر سال لاکھوں غربا میں رمضان پیکج تقسیم کرنے کے علاو ہ ہر سال کروڑوں روپے کے مویشیوں کی قربانی کر کے غربا میں قربانی کا گوشت بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔

غریب یتیم بچوں کو تعلیم کی روشنی سے منور کرنے اور ان کی کفالت کے لئے اکوڑہ خٹک میں296.67ملین روپے کی لاگت سے امہ چلڈرن اکیڈمی بنائی گئی وانا جنوبی وزیرستان میں43.34ملین روپے کی لاگت سے امہ چلڈرن اکیڈمی بنائی گئی جبکہ غریب طلباء کو تعلیم کے لئے اکوڑہ خٹک میں12.50 ملین روپے کی لاگت سے امہ کالج آف ٹیکنالوجی کا قیام عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

نوشہرہ میں 700 یتیم بچوں کی تعلیم اور کفالت کے لئے 590.66ملین روپے کی لاگت سے امہ چلڈرن اکیڈمی قائم کی گئی۔

معذور افراد کی کفالت اور بحالی کے لئی45ملین کی لاگت سے خصوصی مرکز بنایا گیا نابینا افراد کی کفالت اور حفظ کی تعلیم کے لئے 33.85ملین روپے کی لاگت سے مرکزبنایا گیا۔ غریب و نادار بچوں اور بیوہ خواتین کی پیشہ وارانہ تربیت کے لئے ووکیشنل سنٹر بنایا گیا۔ غربا ء کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لئے ہر سال عید گفٹس تقسیم کئے جاتے ہیں اور فطرانہ کی رقم بھی تقسیم کی جاتی ہے اسلام قبول کرنے والے غریب خاندانوں کی مالی مدد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ غریب خواتین میں سلائی مشینیں اور بے روزگاروں کو روزگار کے لئے گدھا گاڑیاں بھی فراہم کی جاتی ہیں میڈیکل کیمپس لگا کر غریبوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔