امریکہ کی ایرانی جوہری معاہدے سے علیحدگی ،اسرائیل کا بھرپور حمایت کا اعلان

جوہری معاہدے کے بعد ایران کی دشمنانہ روش میں مزید اضافہ ہو گیا ہے،اسرائیلی وزیراعظم کی بیان

بدھ 9 مئی 2018 12:00

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کر کے جرات مندانہ اور درست سمت میں قدم اٹھایا ہے۔ اسرائیل اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں نیتن یاھو کا مزید کہنا تھا کہ تل ابیب ٹرمپ کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کی بھرپور حمایت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے کے بعد ایران کی دشمنانہ روش میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے بھی ٹرمپ کے اعلان کو جرات مندانہ اور قابل تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے علاحدگی کے بعد ایرانی رجیم کے سقوط کی راہ ہموار ہوگی۔