اسرائیل کے میزائل حملے میں متعدد ایرانی فوجی جاں بحق

بدھ 9 مئی 2018 12:00

اسرائیل کے میزائل حملے میں متعدد ایرانی فوجی جاں بحق
دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) شام میں اسرائیل کے میزائل حملے میں نوافراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے دمشق کے جنوبی ڈسٹرکٹ کسوہ پرمیزائل داغے،مبصر گروپ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے میں اسلحہ اسٹورزکونشانہ بنایاگیا، جاں بحق افراد میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ارکان شامل ہیں۔

شامی میڈیا نے کہاکہ اسرائیل نے دارالحکومت دمشق میں ایک فوجی مرکز پر فضائی حملہ کیا ہے۔شامی فوج نے قصویٰ کے علاقے میں دو اسرائیلی میزائل مار گرائے۔صدر بشارالاسد کی حامی افواج میں شامل ایک کمانڈر نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ان حملوں میں شامی فوج کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سیرئین آبزرویٹری گروپ کا کہنا تھا کہ اس حملے میں فوجی ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

گروپ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایران کے پاسدران انقلاب کے ممبران اور شیعہ ملیشیا کے ارکان بھی شامل ہیں۔ابھی تک اسرائیل نے ان خبروں پر کوئی تبصرہ یا ردعمل ظاہر نہیں کیا تاہم اس نے کہا تھا کہ وہ شام میں ایرانی فوج کی موجودگی کو مورچہ بندی سمجھتا ہے۔ایران شام کی سات سال سے جاری خانہ جنگی میں شامی حکومت کی مدد کر رہا ہے اور اس کے سینکڑوں فوجی مشیر اور ملیشیا کے ہزاروں ارکان اس وقت شام میں موجود ہیں۔اطلاعات ہیں کہ جہاں حملہ ہوا وہاں ایران نے فوجی اڈہ بنا رکھا ہے۔