بھارت مقبوضہ کشمیر میں جبر واستبداد کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہا ہے ‘اشرف صحرائی

قابض بھارتی فوج پر امن کشمیری مظاہرین پر گولیاں برسا کر نوجوانوںکو شہید کرنے کے بعد انکی لاشیں بھی اہلخانہ کو واپس نہیں کررہی بھارت نے جموں کشمیر کو پولیس سٹیٹ میں بدل دیا ہے‘کشمیری تحریک آزادی کے اس نازک موڑپر اپنی صفوں میںاتحاد کو مزید مضبوط بنائیں

بدھ 9 مئی 2018 12:27

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فوج پر امن کشمیری مظاہرین پر گولیاں برسا کر نوجوانوںکو شہید کرنے کے بعد انکی لاشیں بھی اہلخانہ کو واپس نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ شوپیان بڈی گام میں قابض فوجیوں کے ہاتھوں اتوار کو شدید زخمی ہونیوالا نوجوان محمد اقبال بٹ سرینگر کے ایس ایم ایس ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد پیر کے روز چل بسالیکن بھارتی پولیس کے دبائو پر انکی میت کافی دیر تک اہلخانہ کے حوالے نہیں کی گئی جس کے بعد لواحقین اپنے پیارے کا جسد خاکی ہسپتال سے زبردستی گھر لائے۔

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ ظلم جس تیزی سے بڑتا ہے اسی تیزی کے ساتھ ختم بھی ہو جاتا ہے تاہم کشمیریوں کو اس مشکل صورتحال میں صبر و استقامت کا بھر پور مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے بھارتی پولیس کی طرف سے تحریک حریت کے رہنما محمد رفیق اویسی کے گھر پرچھاپے کے دوران انکی گرفتاری کی شدید مذ مت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر کو مکمل طور پر ایک پولیس سٹیٹ میں بدل دیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ایک طرف نہتے اور بیگناہ نوجوان کو قتل کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف سے اس قتل عام کے خلاف پر امن احتجاج کی بھی اجازت نہیں دی جاتی ۔انہوںنے کہا کہ خود کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک کہلوانے والا بھارت مقبوضہ کشمیر میں جبر واستبداد کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہا ہے ۔دریں اثنا محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پر رمیز راجہ ، محمد سلطان اور مختار احمد پر تحریک حریت کا ایک وفد ر پر وفیسر ڈاکٹر محمد رفیع کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے گاندر بل گیا جبکہ بشیر احمد قریشی ، سید ظہور الحق گیلانی اور شوکت احمد پر مشتمل وفد شہیدمحمداقبال بٹ کے جنازے میںشرکت اور اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے شوپیاں گیا۔

محمد اقبال اتوار کے روز بھارتی فوجیوںکی فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے اور وہ پیرکی شام کو ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ بشیر احمد قریشی نے شہید کی نماز جنازہ بھی پڑھائی ۔ انہوں نے اس موقع پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوںنے کہا کہ تحریک آزادی کو دبانے کے حوالے سے بھارت کے تمام حربے ناکام ہوچکے ہیں اور وہ ایک ہاری ہوئی لڑائی لڑ رہا ہے۔ انہوںنے کشمیریوںپر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے اس نازک موڑپر اپنی صفوں میںاتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں اور مقبوضہ علاقے میں ہونے والے نام نہاد اانتخابی ڈراموں سے خود کو بالکل دوررکھیں ۔