انتخابات میں جیت کا جشن،

حزب اللہ اور امل موومنٹ کارکن ہتھیاروں کے ساتھ سڑکوں پر حزب اللہ اور امل موومنٹ حامیوں کی ریلیوں میں دارلحکومت بیروت شیعہ ہو گیاکے نعرے لگائے گئے

بدھ 9 مئی 2018 12:32

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اس وقت سکیورٹی کشیدگی پھیل گئی جب حزب اللہ تنظیم اور امل موومنٹ کے متعدد ارکان نے سواریوں میں رہائشی علاقوں کا گشت کرتے ہوئے اشتعال انگیز نعرے بازی کی۔ اس دوران بعض افراد نے براہ راست فائرنگ کی اور سڑکوں پر گاڑیوں پر حملہ بھی کیا۔ اس کے نتیجے میں لبنانی فوج صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے مداخلت کرنے پر مجبور ہو گئی۔

عرب ٹی وی کے مطابق مذکورہ مظاہرین نے فرقہ وارانہ نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

یہ مجمع بیروت میں اٴْن نشستوں پر شیعوں کی خصوصی جیت کا جشن منا رہا تھا جو اس سے قبل لبنانی وزیراعظم سعد حریری کے حصّے میں تھیں۔ انتخابات کے بعد حزب اللہ کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد سابق مرحوم وزیراعظم رفیق حریری کی قبر پر پہنچی اور وہاں ان کی یادگار پر حزب اللہ کا پرچم لہرا دیا۔ سوشل میڈیا پر سرگرم حلقوں کی جانب سے وسیع پیمانے پر اس حرکت کی مذمت کی گئی۔ حزب اللہ اور امل موومنٹ کے حامیوں کی جانب سے نکالی جانے والی ریلیوں میں بیروت شیعہ ہو گیاکے نعرے لگائے گئے۔ اس دوران رفیق حریری کے جائے قتل پر نصب مجسمے کے ساتھ حزب اللہ کا پرچم لہرایا گیا۔