شمالی کوریا کے لیڈر کِم کا چین کا غیر علانیہ دورہ ، صدر شی سے ملاقات

ملاقات کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات اور کوریا کی صورت حال میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے،چینی صدر

بدھ 9 مئی 2018 12:32

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اٴْن نے چین کا غیر علانیہ دورہ کیا ہے اور میزبان ملک کے شمال مشرقی شہر ڈالیان میں چینی صدر شی جین پنگ سے ملاقات کی ہے۔انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متوقع ملاقات سے قبل یہ دورہ کیا ہے ۔چین کے سرکاری نشریاتی ادارے نے صدر شی اور کِم کے درمیان ملاقات کی فوٹیج نشر کی ہے۔

وہ ڈالیان میں سمندر کنارے بیٹھے بات چیت کررہے ہیں ۔ صدر شی نے کہاکہ میرے اور کامریڈ چئیرمین (کِم) کے درمیان پہلی ملاقات کے بعد سے چین اور کوریا کے درمیان تعلقات اور جزیرہ نما کوریا کی صورت حال میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔مجھے اس پر خوشی ہے۔صدر کِم نے کہاکہ میرے اور کامریڈ جنرل سیکریٹری ( شی) کے درمیان تاریخی ملاقات کے یہ مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جاپان کے میڈیا نے قبل ازیں ڈالیان شہر کی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے ایک طیارے کی تصاویر نشر کی تھیں ۔اس طیارے کو بالعموم شمالی کوریا کی بہت اہم شخصیات استعمال کرتی ہیں ۔اس کے بعد یہ قیاس آرائی کی گئی تھی کہ صدر کِم اس شہر ہی میں ہیں۔کِم جونگ اٴْن کا مارچ کے بعد چین کا یہ دوسرا دورہ ہے اور وہ سرد جنگ کے دور کے اپنے ملک کے اہم اتحادی ملک چین کے ساتھ اختلافات کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں ۔چین نے شمالی کوریا کے خلاف جوہری تجربات کے ردعمل میں اقوام متحدہ کی عاید کردہ مختلف النوع پابندیوں کی حمایت کی تھی۔اس کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں سرد مہری آ گئی تھی