یورپی یونین نے ایران کے ساتھ 2015ء میں طے پائے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے امریکی اعلان کو مسترد کر دیا،

جوہری معاہدہ ہم سب کی مشترکہ ملکیت ہے، ہم اس کی حفاظت کریں گے، فیڈریکا موگرینی

بدھ 9 مئی 2018 12:56

برسلز۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) یورپی یونین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ 2015ء میں طے پائے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے اور متفقہ طورپر موقف اختیار کیا ہے کہ یورپی یونین ایران کے ساتھ طے پائے معاہدے کی پابندی کرے گی۔ذرائع کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین ایران کے ساتھ طے پائے معاہدے کی شرائط کی پابندی کرے گی اور ہم اپنے اقتصادی مفادات کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہرممکن اقدام کریں گے۔

ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں موگرینی نے کہا کہ جوہری معاہدہ ہم سب کی مشترکہ ملکیت ہے اور ہم اس کی حفاظت کریں گے۔ عالمی برادری کو ایران کے ساتھ طے پائے معاہدے کی پابندی کو یقینی بنانا چاہیے۔

(جاری ہے)

ادھر برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے اپنے الگ الگ بیانات میں امریکی حکومت کی طرف سے جوہری سمجھوتے سے علیحدگی کے اعلان پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا کی طرف سے جوہری معاہدے سے علیحدگی کا اعلان ایک نئی رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش ہے۔ امریکا کو ایسا کرنے سے سختی سے گریز کرنا چاہیے۔امریکی صدر کے ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد فرانسیسی صدر عمانویل میکروں اور جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے ٹیلیفون پر اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔