ایشین گیمز کی تیاری کیلئے قومی خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 15 مئی سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

بدھ 9 مئی 2018 12:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام ایشین گیمز کی تیاری کیلئے قومی خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 15 مئی سے مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال کے مطابق تربیتی کیمپ میں تین منتحب شدہ کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں مدینہ ظفر، فضاء ظفر اور رفعت خان شامل ہیں اور انہیں کوچز جدید اور اعلی معیار کی تربیت دیں گے۔

ایشین گیمز18اگست سے 2 ستمبر تک ہوں گے جس میں مرد اور خواتین کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ایشین ممالک کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ایشین گیمز کی تیاری کیلئے قومی مرد کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سکواش سرکٹ ون ٹورنامنٹ مصروفیت کے باعث چند روز کیلئے روکا گیا ہے تاہم ان کا تربیتی کیمپ ایونٹ کے بعد شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

خواتین کھلاڑی بھی اس ایونٹ میں مصروف ہیں ان کا تربیتی کیمپ 15 مئی سے شروع ہوگا۔

دریں اثناء پاکستان سکواش فیڈریشن نے انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ہونے والی ایشیئن گیمز کیلئے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے ٹرائل 18 فروری کو لئے تھے جس میں سے کوریا میں مارچ میں ہونے والی ایشیئن ٹیم چیمپئن شپ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا تھا۔ قومی ٹیم نے اس ایونٹ میں مردوں کے مقابلہ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایف بورڈ نے ایشیئن چیمپئن شپ کیلئے انہی کھلاڑیوں کا انتحاب کیا ہے۔ ایشیئن گیمز میں مرد کھلاڑیوں میں فرحان زمان، طیب اسلم، عماد فرید اور عاصم خان پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ خواتین مقابلوں میں مدینہ ظفر، فضاء ظفر اور رفعت خان شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :