عمر اکمل ، احمد شہزاد کا ٹیلنٹ ضائع ہونے کی بڑی وجہ کیا ؟ بڑا انکشاف

موثر انداز سے ہینڈل کیا جاتا تو ملکی صلاحیت اس طرح ضائع نہ ہوتی،سابق بیٹسمین

بدھ 9 مئی 2018 12:57

عمر اکمل ، احمد شہزاد کا ٹیلنٹ ضائع ہونے کی بڑی وجہ کیا ؟ بڑا انکشاف
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔09مئی 2018ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو پاکستان کرکٹ بورڈ وقت پر نہیں سنبھال سکا ،انہیں کرکٹ بورڈ کی جانب سے موثر انداز سے ہینڈل کیا جاتا تو ان کا ٹیلنٹ اس طرح ضائع نہیں ہوتا۔ایک انٹرویو کے دوران اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ ان باصلاحیت کرکٹرز کے ساتھ سمجھداری کا مظاہرہ کرتا تو معاملات اتنے خراب نہیں ہوتے ، ایسے کھلاڑیوں کے لیے کسی بھی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہمیشہ مختلف قسم کی پالیسی اپنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔

پاکستان کے لیے 60 ٹیسٹ میچز میں 3315اور 250ون ڈے میچز میں 6564رنز سکور کرنے والے 49سالہ اعجاز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ہر کرکٹر کی نفسیات الگ ہوتی ہے  اور یہ ہمیشہ کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر کھلاڑی کو اس کی نفسیات دیکھتے ہوئے قابو کرے کیوں کہ کچھ محض باتوں سے سمجھ جاتے ہیں جب کہ کچھ کے ساتھ آپ کو سختی کرنا پڑتی ہے ۔

(جاری ہے)

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان نوجوان بلے بازوں اتنے برے انداز سے ہینڈل نہ کیا ہوتا تو معاملات یہاں تک نہ پہنچتے ،قومی ٹیم کو اس وقت اچھے بیٹسمینوں کی ضرورت ہے اور عمر اکمل اور احمد شہزاد ٹیم کا حصہ نہیں حالانکہ وہ ٹیم کی مشکلات کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتے تھے ۔

واضح رہے کہ عمر اکمل نے جنوری2017ء جب کہ احمد شہزاد نے جنوری2018ء سے پاکستان کی نمائندگی نہیں کی ہے ،دونوں کھلاڑیوں کی ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کے باعث بارہا بازپرس کی جاتی رہی ہے ،انہوں نے کئی مرتبہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور اب ٹیم کا حصہ نہیں ہیں ۔