امریکا میں گریجویشن کی تقریب کے دوران طلبہ ہتک آمیز برتاؤ کا شکار

تقریب کے دوران طلبہ کو معاندانہ اور نا مناسب طریقے سے اسٹیج کی طرف دھکیلا گیا،انتظامیہ کا تحقیقات کااعلان

بدھ 9 مئی 2018 13:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) امریکا کی فلوریڈا یونی ورسٹی کی گریجویشن تقریب سے متعلق ایک وڈیو کے وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ کے حلقوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وڈیو میں یونی ورسٹی کے ایک ملازم کو متعدد سیاہ فام طلبہ کے ساتھ انتہائی درشتی سے پیش آتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق منظر عام پر آنے والے وڈیو کلپس میں دکھایاگیا تقریب کے ایک منتظم نے جو طلبہ کی اسٹیج کی جانب پیش قدمی میں رہ نمائی بھی کر رہا تھا اس نے اپنے ہاتھوں کا استعمال کرتے ہوئے بعض طلبہ کو شدّت کے ساتھ گھسیٹا جو ایک انتہائی نا مناسب منظر تھا۔

یونی ورسٹی کے مذکورہ ملازم نے محسوس کیا کہ طلبہ اپنا نام پکارے جانے کے بعد ڈگری کی وصولی کے اسٹیج تک پہنچنے میں زیادہ طویل وقت لے رہے ہیں جس پر اٴْس نے یہ طریقہ کار اختیار کیا۔

(جاری ہے)

وڈیو کے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کبھی تو اس منتظم نے گریجویٹ طلبہ کو سفید کالروں سے پکڑا اور کبھی دونوں بازوں کو سختی سے جکڑا۔فلوریڈا یونی ورسٹی کے سربراہ کینٹ فوکس نے ایک بیان جاری کیا۔ بیان میں یونی ورسٹی کے ترجمان نے معذرت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب میں ایک منتظم کی جانب سے اختیار کیے گئے موقف کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ بیان کے مطابق تقریب کے دوران طلبہ کو معاندانہ اور نا مناسب طریقے سے اسٹیج کی طرف دھکیلا گیا۔