چین کی ای کامرس کمپنی ’’علی بابا‘‘نے پاکستان کا ’’ دراز ‘‘گروپ خرید لیا

پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، میانمار اور نیپال میں کاروبار کو مزید وسعت دینے کا عزم

بدھ 9 مئی 2018 14:08

چین کی ای کامرس کمپنی ’’علی بابا‘‘نے پاکستان کا ’’ دراز ‘‘گروپ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) آن لائن شاپنگ کے مقبول ترین پلیٹ فارم ’’دراز گروپ‘‘ کو چین کے معروف ای کامرس کمپنی علی بابا نے خرید لیا۔انڈسٹری سے متعلقہ ذرائع کے ایک اندازے کے مطابق یہ سودا15 سے20 کروڑ ڈالر (کم و بیش 20 ارب روپے) میں طے ہوا ہے سودے کی اصل مالیت ابھی علی بابا یا دراز کی طرف سے ظاہر نہیں کی گئی ۔

دراز، راکٹ انٹر نیٹ پاکستان کا گروپ ہے جس کا پاکستان سمیت ، بنگلہ دیش، سری لنکا، میانمار اور نیپال میں ای کامرس کا وسیع کاروبار ہے۔دراز کی ترجمان ثمن جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2012 ء میں تشکیل دیا جانے والا دراز پلیٹ کا صدر دفتر کراچی ہی میں برقرار رکھا جائے گا،علی بابا اپنے معیارات اور ٹیکنالوجی کے تحت دراز میں سرمایہ کاری کرے گا۔

(جاری ہے)

درازعلی بابا کی قیادت میں ٹیکنالوجی، آن لائن تجارت، موبائل ادائیگیوں اور لاجسٹکس کے حوالے سے جنوبی ایشیا کے 5 ممالک میں اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے گا جن کی مجموعی آبادی 46 کروڑ سے زیادہ اور ان کی 60 فیصد آبادی کی عمر 35 سال سے کم ہے۔علی بابا اس پلیٹ فارم کو مزید ممالک میں بھی متعارف کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔دراز پلیٹ فارم پر پاکستان کے 50 لاکھ کسٹمرز کے لئے 30 ہزارسیلرز، 500 برانڈز اور 20 لاکھ مصنوعات آن لائن شاپنگ کے لئے دستیاب ہیں۔

دراز کے شریک چیف ایگزیکٹو آفیسر بجارکے میکلسن نے کہا کہ اس نئے اقدام سے دراز علی بابا گروپ کا حصہ بن چکی ہے اور ہم اس مشن کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں جس کے تحت ہر جگہ کاروبار میں آسانی پیدا کی جا سکتی ہے، سخت محنت اور لگن کے ساتھ ہم نے ای کامرس کا سفر شروع کیا۔ دراز کے شریک سی ای او ڈاکٹر جوناتھن ڈوئر نے کہا کہ علی بابا کے ساتھ مل کر ہم خطے میں کاروبار کرنے والوں کو بااختیار بنانا چاہتے ہیں اور صارفین کو انتہائی آسانی کے ساتھ مصنوعات کے بہترین انتخاب کے وعدے کو پورا کرنے کی پیشکش کرتے ہیں اور اس سارے عمل کے لیے ہمیں بہترین ٹیکنالوجی کے پلیٹ فارم، سامان کی ترسیل کے مضبوط نیٹ ورک اور شرکاء کے ایکو سسٹم کی فعال کمیونٹی کی حمایت حاصل ہوگی۔

علی بابا گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈینیل ژانگ نے کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ دراز علی بابا گروپ کا حصہ بن رہی ہے، دراز کے ساتھ مل کر ہم علاقے میں اپنی ٹیکنالوجی اور تجربے کے ذریعے صارفین کی بہتر خدمت کے لیے کاروباری افراد کو بااختیار بنا سکتے ہیں، دراز میں ہمیں عظیم ٹیم ملی ہے جو ہماری اقدار کو مضبوط بنا سکتی ہے اور اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ ٹیکنالوجی کا حامل تجارتی ایکو سسٹم جنوبی ایشیا میں طویل المدتی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔