سعودی عرب کے دارالحکومت پر چار میزائل حملے

چاروں میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا گیا ، سکیورٹی حکام کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 مئی 2018 13:56

سعودی عرب کے دارالحکومت پر چار میزائل حملے
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 مئی 2018ء) : سعودی دارالحکومت ریاض پر چار میزائل داغے گئے۔ سکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا کہ چاروں میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔ میزائل حملوں کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ یاد رہے کہ دو ماہ قبل سعودی عرب نے یمن میں موجود حوثی باغیوں کی جانب سے فائر کیے گئے 7 میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا تھا ۔

سعودی اخبار کے مطابق میزائل سعودی عرب میں مختلف اہداف پر داغے گئےتھے ۔سعودی عرب کے سرکاری چینل نے بتایا کہ اتحادی فورسز کے ترجمان کے مطابق تین میزائل ریاض، دو جزان اور ایک ایک میزائل خمیص مشیت اور نجران کی جانب داغے گئے۔ میزائل حملوں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک مصری شہری جاں بحق جبکہ دو شہری زخمی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

تاہم یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ہلاکت کس علاقہ میں ہوئی۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس نومبر سے ہی ایران اور یمن کے حوثی باغیوں کے اتحاد نے سعودی عرب پر کئی میزائل داغے، جسے سعودی فورسز نے بغیر کسی جانی اور مالی نقصان کے ناکام بنا دیا۔ 4 نومبر کو حوثی باغیوں نے شاہ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میزائل داغا، جس پر سعودی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے میزائل کو مار گرایا۔

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے پینل نے اس میزائل سمیت یمن کی جانب سے ریاست پر داغے گئے دیگر 3 میزائلز کے ایران میں تیار ہونے کی تصدیق کی۔ 19 دسمبر کو غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے بتایا کہ یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں موجود الیمامہ پیلس پر بیلسٹک میزائل فائر کیا تھا۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض پر داغا گیا میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے ۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر میزائل کے فضا میں تباہ ہونے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی۔