محکمہ ماہی پروری کا صوبہ بھر کے دریائوں ، ندی نالوں اور قدرتی پانیوں میں بڑی تعداد میں پونگ چھوڑنے کافیصلہ

بدھ 9 مئی 2018 14:22

فیصل آباد۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) محکمہ ماہی پروری نے صوبہ بھر کے دریائوں ، ندی نالوں اور قدرتی پانیوں میں بڑی تعداد میں پونگ چھوڑنے کافیصلہ کیا ہے جس کے تحت مچھلی کی بھرپور افزائش نسل اور پیداوار میں اضافہ کیلئے تریموں ہیڈورکس سمیت فیصل آباد ڈویژن میں بھی لاکھوں مچھلی کے بچے پانیوںمیں چھوڑے جائیں گے ۔

محکمہ ماہی پروری کے ذرائع نے بتایاکہ مختلف مقامات پر دریائوں ، نہروں ، ندی نالوں اور دیگر قدرتی پانیوں میں مچھلی کی افزائش نسل میں کمی کے باعث جہاں مچھلی کی پیداوار میں مسلسل کمی ہو رہی ہے وہیں مچھلی کے نرخوں میں بھی زبردست اضافہ ہورہاہے۔ انہوںنے بتایاکہ مچھلی کی کم پیداوارکے باعث مچھلی کی موسم سرما کے دوران برآمد بھی انتہائی کم ہوکر رہ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ رہو، سنگھاڑی، ملی،سول ود یگر اقسام کی مچھلی کی کم ہوتی ہوئی پیداوار کے باعث اس کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہورہی ہیں اس طرح لوگ غذائیت سے بھرپور مچھلی کھانے سے بھی محروم ہوتے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جب قدرتی پانیوں میں مچھلی کی افزائش نسل زیادہ ہوگی تو اس کے گوشت کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا جس سے مچھلی کی قیمتوں کو اعتدال پر لانے میں مدد ملے گی۔ انہوںنے شکاریوں اور محکمہ فشریز کے ٹھیکیداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ بچہ مچھلی پکڑنے سے گریز کریں تا کہ ان کی زیادہ سے زیادہ افزائش نسل ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :