پی سی بی کا رمضان ٹورنامنٹس کیلئے پالیسی مزید کو سخت کرنے کا فیصلہ

ملک کے سب سے بڑے شہر میں رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کھٹائی میں پڑ سکتے ہیں ،ْمنتظمین کا خدشہ پرائیویٹ لیگز کے لیے مربوط پالیسی بناکر کھیل کو کرپشن سے پاک کیا جائیگا ،ْ پی سی بی کے افسر کی گفتگو

بدھ 9 مئی 2018 14:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے رمضان ٹورنامنٹس کیلئے اپنی پالیسی کو مزید کو سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے منتظمین کو خدشہ ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کھٹائی میں پڑ سکتے ہیں۔منتظمین نے کہا کہ رمضان شروع ہونے میں اب دو ہفتے سے کم وقت رہ گیا ہے تاہم ٹورنامنٹس کیلئے این او سی جاری نہیں کئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کچھ منتظمین نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی سے رابطہ کیا ہے اور منتظمین کو بتایا جارہا ہے کہ نئی پالیسی کے بارے میں بورڈ آف گورنرز سے منظوری لی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کے کئی واقعات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی پالیسی کو مزید سخت کررہا ہے ،ْخاص طور پر ٹورنامنٹ کے منتظمین سے کہا جائے گا کہ وہ اینٹی کرپشن اقدامات سخت کریں۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ نے بھی کچھ اسپانسرز کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں جس کے بعد پی سی بی نے اسپانسرز کے حوالے سے بھی کچھ نئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی میں ہر سال دو درجن کے لگ بھگ چھوٹے بڑے رمضان ٹورنامنٹ ہوتے ہیں ،ْ ان ٹورنامنٹ کیلئے چند سال پہلے جو پالیسی آئی تھی اس میں بھی ترمیم کی جار ہی ہے۔پی سی بی کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ لیگز کے لیے مربوط پالیسی بناکر کھیل کو کرپشن سے پاک کیا جائیگا ،ْہر آرگنائزر کو پابند کیا جائے گا کہ اس کے ٹورنامنٹ میں گڑ بڑ نہ ہو اور وہ ایسے اقدامات کریں جس سے کھیل کی ساکھ متاثر نہ ہو۔