ایک اور حادثہ،سرگودھا میں طیارہ گر کر تباہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 مئی 2018 14:31

ایک اور حادثہ،سرگودھا میں طیارہ گر کر تباہ
سرگودھا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 مئی 2018ء) : سرگودھا کے علاقہ تھانہ کینٹ میں ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس تھانی کینٹ کی حدود میں بغیر پائلٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ کھیتوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق طیارہ فنی خرابی کے باعث کھیتوں میں گرا۔

حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں کو بھی جائے حادثہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز لاہور کے علاقہ گارڈن ٹاﺅن میں ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ طیارہ گارڈن ٹاﺅن میں موجود ایک گھر کی بیرونی دیوار پر گرا۔

(جاری ہے)

طیارے تباہ ہونے کے حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا ۔ طیارہ ڈائریکٹر آپریشنز فلائنگ کلب فہیم اُڑا رہے تھے جبکہ ٹرینی عامر ا ن کے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر آپریشنز فلائنگ کلب نے بتایا کہ ٹیک آف کرنے کے بعد طیارے کا توازن بگڑ گیا تھا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو ٹیم جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئی۔ ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر طیارے میں لگی آگ کو بُجھایا۔ طیارہ گرنے سے ایک شخص معمولی زخمی بھی ہوا جسے طبی امداد دے دی گئی ۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق طیارہ ہو اکے زیادہ دباؤ کی وجہ سے آؤٹ آف کنٹرول ہوا تھا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔