نیب کے نوٹس کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مقصد کسی ادارے کی اتھارٹی یا اختیارات کو چیلنج کرنا نہیں‘ حقائق قوم کے سامنے لانا چاہتے ہیں

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کا قومی اسمبلی میں پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تجویز پر اظہار خیال

بدھ 9 مئی 2018 15:26

نیب کے نوٹس کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مقصد کسی ادارے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ نیب کے نوٹس کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مقصد کسی ادارے کی اتھارٹی یا اختیارات کو چیلنج کرنا نہیں‘ حقائق قوم کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تجویز پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ادارے اسی پارلیمنٹ سے اختیارات حاصل کرتے ہیں۔

اس وقت ملک میں خوف و ہراس کی صورتحال ہے۔ سرکاری ادارے فیصلے کرنے سے گریزاں ہیں۔ یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنا چاہیے تھا۔ ہمیں اپنے گھر کا اختیار باہر نہیں دینا چاہیے تھا۔ گھر کے فیصلے گھر میں کرنے چاہئیں تھے۔ جو ایشو آج سامنے آیا ہے اس کا قطعاً مقصد نہیں ہے کہ ہم کسی ادارے کی اتھارٹی چیلنج کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم صرف حقائق قوم کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔

ہم اپنی باری بھگت چکے ہیں اگلی باری کسی اور کی بھی آسکتی ہے۔ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں صرف قوم کو حقائق بتانا چاہتے ہیں۔ ملک کے عوام پارلیمنٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ میں 1990ء سے اس ایوان کا رکن ہوں۔ پوری پارلیمنٹ سے گزارش کرتا ہوں ملک اور قوم کے لئے بہتر فیصلہ کریں۔ کمیٹی کے قیام کا مقصد یہ نہیں ہے کہ ہم کسی ادارے کی اتھارٹی چیلنج کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کی تجویز پر کمیٹی قائم ہونی چاہیے۔