صالح محمد خان تنولی نے الیکشن میں حصہ لیا تو اہلیان تناول فیصلہ کا بھرپور خیرمقدم کریں گے، اہلیان تناول

بدھ 9 مئی 2018 15:31

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) صالح محمد خان تنولی آف بدھوڑہ نے اگر ہری پور کے حلقہ پی کے 40- سے الیکشن میں حصہ لیا تو اہلیان تناول ان کے اس فیصلہ کا بھرپور خیرمقدم کریں گے، جب تک سر زمین تناول سے تعلق رکھنے والا اپنا حقیقی نمائندہ اسمبلی میں نہیں جاتا تناول کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی ممکن نہیں، صالح محمد خان تنولی تناول کا ہیرو اور عظیم سپوت ہے، ہر محاذ پر اس کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار علاقہ تناول کی یونین کونسل لدڑ منگ، کلنجر اور بیڑ سمیت ہری پور شہر کے مختلف علاقہ جات میں رہائش پذیر تناول کی سیاسی اور سماجی شخصیات نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے تناول کے عوام کو بے وقوف بنا کر مختلف حربوں کے ذریعہ ہر الیکشن میں استعمال کیا جاتا رہا مگر اس بار تناول کے غیرت مند عوام اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے علاقہ کے بہتر مفاد کیلئے ایک متفقہ پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی سوچ و بچار اور مشاورت شروع کر رکھی ہے، سرزمین تناول پر مقیم تناول کے رہائشی امیدوار کو لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس وقت تناول سے تعلق رکھنے والا تناول کا حقیقی نمائندہ اسمبلی فلور تک نہیں جاتا اس وقت تک تناول کی خوشحالی ممکن نہیں، صالح محمد خان تنولی آف بدھوڑہ کا نام اس وقت تناول کی طرف سامنے آیا ہے، صالح محمد خان تنولی تناول کا عظیم سپوت اور ہیرو ہے جو تناول کا مخلص اور خیر خواہ ہے جنہوں نے ہر وقت تناول کی تعمیر وترقی کیلئے اپنا مثبت اور جرات مندانہ اقدام اٹھایا ہے۔ صالح محمد خان تنولی کی ہر مقام پر حمایت کرتے ہوئے بھرپور ساتھ دیں گے اور ان کی الیکشن مہم اپنی مدد آپ کے تحت چلا کر تناول کے عوام کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کریں گے۔