شہریوں کی فوارہ چوک کے قریب سوزوکی سٹاپ کی عدم موجودگی پر ڈی پی او سے سوزوکی سٹاپ بنانے کی درخواست

بدھ 9 مئی 2018 15:33

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) نئے ٹریفک پلان کے تحت فوارہ چوک کے قریب سوزوکی سٹاپ کی عدم موجودگی پر شہریوں نے ڈی پی او سے طیب اردگان پلازہ میں سوزوکی سٹاپ بنانے کی درخواست دی ہے۔ ایبٹ آباد کے شہریوں پر مشتمل ایک وفد نے اشتیاق قریشی کی معیت میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور سے ملاقات کی اور نئے ٹریفک نظام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ڈی پی او کو فوارہ چوک کے گردو نواح میں سوزوکی سٹاپ کی عدم موجودگی جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوزوکی سٹاپ شہر کے وسط میں واقع ہونے کی وجہ سے جنرل بس سٹینڈ سے منڈیاں، نواں شہر اور دھمتوڑ سمیت دیگر دیہات جانے والے مسافروں خصوصاً خواتین کو سوزوکی سٹاپ پہنچنا مشکل ہوتا ہے جبکہ کنٹونمنٹ پارک کے قریب واقع سوزوکی سٹاپ بس سٹینڈ سے کم و بیش ایک کلو میٹر کے فاصلے پر ہے لہذا دیگر سٹاپوں کی طرح طیب اردگان پلازہ میں بھی عارضی سوزوکی سٹاپ بنا کر پیدل چلنے والے مسافروں کیلئے سہولت مہیا کی جائے۔ ڈی پی او نے درخواست گذاروں کو موقع کا جائزہ لیکر مثبت رد عمل کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ شہریوں کو سہولیات بہم پہنچانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جس سے کسی صورت پہلو تہی نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :