ایس ایچ او نواں شہر کا صباء کالونی میں جوائنٹ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد

بدھ 9 مئی 2018 15:33

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور کی ہدایت پر ایس ایچ او نواں شہر نے حساس اداروں، پاکستان آرمی، ایلیٹ فورس، کینائن یونٹ، بم ڈسپوزل سکواڈ اور لیڈیز کمانڈوز کے ہمراہ تھانہ نواں شہر کی حدود صباء کالونی میں جوائنٹ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا جس میں لیڈیز کمانڈوز کے ذریعہ گھر گھر تلاشی لی گئی جس دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

برآمد ہونے والے اسلحہ میں رائفل 12 بور ڈبل بیرر 4 عدد، 30 بور پستول 3 عدد، 12 بور رائفل 3 عدد، پستول نائن ایم ایم، ایک عدد اور 142 عدد کارتوس مختلف بور برآمد کئے گئے۔ اس دوران غیرقانونی طور پر رہائش پذیر دو کرایہ داروں کے مالک مکانوں کے خلاف 10 رینٹل بلڈنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور نے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اپنے تھانہ جات کی حدود میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا سلسلہ جاری رکھنے کی خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے تھانہ نواں شہر کی اس زبردست کاروائی کو سراہا۔