ہزارہ کے قدیم ثقافتی کھیل ’’گتکا‘‘ کا پہلا باقاعدہ پروگرام 13 مئی کو قلندرآباد میں منعقد ہو گا

بدھ 9 مئی 2018 15:39

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) ہزارہ کے قدیم ثقافتی کھیل ’’گتکا‘‘ کا پہلا باقاعدہ پروگرام13 مئی کو قلندرآباد میں منعقد ہو گا۔ پروگرام میں علاقہ بھر کے گتکا کے ماہر کھلاڑی حصہ لیں گے۔ پروگرام کے انعقاد کا مقصد نہ صرف علاقہ میں تفریح اور کھیل کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے بلکہ نئی نسل کو خطہ کی دم توڑتی روایات سے روشناس کروانا بھی ہے۔

یہ پروگرام قلندرآباد کی شہری تنظیم ’’عزم ‘‘ اور قلندر آباد میڈیا سنٹر کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے جس میں علاقہ بھر سے گتکا کے ماہرکھلاڑی شرکت کریں گے۔ پروگرام کیلئے ابتدائی انتظامات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ چار سال سے قلندرآباد میڈیا سنٹر کے زیراہتمام ہر سال 14 اگست کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ ثقافتی پروگرام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے تاکہ شہریوں کو تفریح کے مثبت مواقع میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شہریوں میں ثقافتی پروگرام کے حوالہ سے خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے کیونکہ بالخصوص گتکا، گٹی اور کمہر جیسی دم توڑتی روایات کے ساتھ عام لوگوں کا خاص لگائو ہے جو معاشرے میں ٹیکنالوجی کے بڑھتے رسوخ کے باعث نئی نسل کی نظروں سے بتدریج اوجھل ہو رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :