بہن کے ڈومیسال کی تصدیق کیلئے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شیرگڑھ آنے والی نوجوان دوشیزہ کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا

بدھ 9 مئی 2018 15:39

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) بہن کے ڈومیسال کی تصدیق کیلئے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شیرگڑھ آنے والی نوجوان دوشیزہ کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نیاز محمد ولد حیدر زمان ساکنہ شنگلی بانڈی نے تھانہ اوگی میں رپورٹ درج کر اتے ہو ئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس کی بیٹی مسماة (ک) اپنی والدہ کے ہمراہ بہن کے ڈومیسال کے سلسلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول شیرگڑھ گئیں، سکول میں پرنسپل کی عدم موجودگی کے باعث اس کی بیوی بیٹی کو اکیلے سکول چھوڑ کر خود گھر چلی گئی۔

(جاری ہے)

کچھ دیر کے بعد جب وہ واپس سکول آئی تو سکول سے بیٹی غائب تھی۔ ادھر ادھر معلومات کے بعد جب گیٹ پر موجود چوکیدار سے پتہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ آپ کی بیٹی 10 منٹ پہلے یہاں سے چلی گئی ہے جس پر بیوی اور دیگر رشتہ داروں نے لڑکی کی تلاش شروع کر دی۔ والد کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی وہ بھی کراچی سے گائوں پہنچ کر بیٹی کی تلاش شروع کر دی مگر تاحال اس کی بیٹی سے متعلق کوئی معلومات نہیں مل سکی ہے۔ شعبہ ہے کہ اس کی نوجوان العمر بیٹی کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا ہے، اس سے قبل ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی۔ پولیس نے مدعی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔