لندن کی پبلک ٹرانسپورٹ بس میں نوجوان لڑکی پر تیزاب سے حملہ،ملزم فرار

جس لڑکی پر تیزاب چھڑکا گیا وہ ہی اس کارروائی میں اصل ہدف تھی،حالت خطرے سے باہر ہے،ابتدائی رپورٹ

بدھ 9 مئی 2018 15:39

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) لندن کے جنوب میں واقع علاقے میں نامعلوم شخص پبلک ٹرانسپورٹ کی بس میں ایک نوجوان لڑکی پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گیا۔برطانوی ٹی وی کے مطابق واقعے کے بعد متاثرہ لڑکی مذکورہ علاقے میں تجارتی مرکز کے ساتھ واقع میٹرو اسٹیشن کے قریب فٹ پاتھ پر بیٹھ گئی۔ اس موقع پر سکیورٹی اہل کاروں نے ایک چادر نما بڑے سے کپڑے کا انتظام کر کے لڑکی کو اس کے اندر چھپا دیا تا کہ وہ تیزاب سے متاثرہ کپڑے اتار دے۔

(جاری ہے)

اس دوران وہاں موجود خواتین اہل کاروں نے کپڑوں سے جان چھڑانے میں لڑکی کی مدد کی اور پھر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ تیزاب نے لڑکی کے چہرے سمیت کسی حساس جگہ کو متاثر نہیں کیا اور اس کی حالت خطرے میں نہیں۔عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر ابتدائی تحقیقات سے واضح ہوا ہے کہ جس لڑکی پر تیزاب چھڑکا گیا وہ ہی اس کارروائی میں اصل ہدف تھی۔ واضح رہے کہ 4 روز کے اندر یہ برطانوی دارالحکومت میں دن دیہاڑے ہونے والی 9 ویں مجرمانہ کارروائی ہے۔

متعلقہ عنوان :