لچھے دار تقریروں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، سونیا گاندھی

ڈاکٹر کے لیکچر سے مریض صحت مند نہیں ہو سکتا اس کے لئے اسپتال اور دوا دونوں چاہئیں،خطاب

بدھ 9 مئی 2018 15:48

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) کانگریس کی سینئر ترین رہنما سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پرکے حوالے سے کہاہے کہ بلا شبہ وہ ایک اچھے مقرر ہیں لیکن یہ بھی سچ ہے کہ لچھے دار تقریر وں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق کرناٹک اسمبلی کی انتخابی مہم کے ا?خری مرحلہ میں محترمہ گاندھی نے اپنی تقریر میں ریاست کے وزیر اعلیٰ سدارمیہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور ساتھ ہی مودی پر زبردست حملے کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طنزیہ لہجے میں کہاکہ مودی جی کو اس بات کا غرور ہے کہ وہ اچھی تقریر کرتے ہیں اور وہ بھی اس سے متفق ہیں۔ وہ ایک منجھے ہوئے اداکار کی طرح بولتے ہیں ۔لیکن صرف تقریر کرنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ ڈاکٹر کے لیکچر سے مریض صحت مند نہیں ہو سکتا اس کے لئے اسپتال اور دوا دونوں چاہئیں۔تقریر سے کسان کو راحت نہیں مل سکتی اس کو کھیت باڑی اور آبپاشی اور اپنی فصل کی اچھی قیمت کی ضرورت ہے۔ تقریروں سے روزگار نہیں ملتا اس کے لئے روزگا کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔