جہانگیر خانزادہ کو آبائی یونین کونسل سے دھچکا،

جنرل کونسلر امجد خان کا چنگیز خان کی حمایت کا اعلان آباؤ اجداد سے کرنل گروپ کے ساتھ تھے مگر چنگیز خان نے جس طرح اپنی سروس کے دوران چادر ، چھیل کا خیال رکھا اس پر وہ ووٹوں کے حقدار ہیں، امجد خان امجد خان ، انکی برادری اور دوستوں کا مشکور ہوں ، یقین سے کہتا ہوں کہ میجر طاہر صادق کی قیادت میں چھچھ کی مثالی خدمت کرینگے ، چنگیز خان

بدھ 9 مئی 2018 16:12

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کو آبائی یو نین کونسل سے بڑا دھچکا، اہم سپورٹر و جنرل کونسلر امجد خان نے امیدوار صوبائی اسمبلی چنگیز خان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا، آمدہ الیکشن میں پوری یونین کونسل فورملی سے چنگیز خان کی جیت کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم ، مسلم لیگی جنرل کونسلر امجد خان ، انکی برادری اور دوستوں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے حمایت کی ، یقین سے کہتا ہوں کہ میجر(ر) طاہر صادق کی قیادت میں چھچھ کی مثالی خدمت کرینگے ، چنگیز خان ، تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر کی اپنی ہی یو سی فورملی سے مسلم لیگ (ن) کے سپورٹر و کونسلر امجد خان نے سیاسی شخصیات سلیم خان اور امجد خان کی کاوش سے جہانگیر خانزادہ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری و امیدوار صوبائی اسمبلی چنگیز خان کی مکمل غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ہے ، اس حوالہ سے ان کا کہنا تھا کہ میرے والد اجمل خان شجاع خانزادہ کے دور سے کرنل گروپ کے اہم سپورٹر تھے مگر جب سے چنگیز خان سیاسی میدان میں آئے ہیں ہمیں ان سے بہتر کوئی نظر نہیں آتا کیونکہ چنگیز خان نے جس طرح اپنی سروس کے دوران چھچھ کی عزت ، غیرت ، چادر اور چھیل کا خیال رکھا اس پر وہ ہماری ووٹ اور سپورٹ کے حق دار ہیں، اس موقع پر چنگیز خان نے کونسلر امجد خان اور انکی برادری و دوست و احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح حلقہ پی پی 2کے عوام مجھ پر اعتماد کررہے ہیں یقین سے کہتا ہوں کہ چھچھ سے کرپشن ، اقرباء پروری اور لوٹ مار کی سیاست دفن ہونے والی ہے ، چنگیز خان نے کہا کہ میجر (ر) طاہر صادق کے شانہ بشانہ انکی قیادت میں چھچھ کے عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔