صدر ممنون حسین سے مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام روس جانے والی اسٹریٹ چلڈرن کی ٹیم کی ملاقات

اسٹریٹ چلڈرن ہمارے جگر کے ٹکڑے ہیں، تمام تر سہولتوں پر ان کابھی برابر حق ہے ،ان بچوں کو آگے لانے کے لیے مسلم ہینڈ کی خدمات قابلِ تعریف ہیں، صدر مملکت ممنون حسین

بدھ 9 مئی 2018 16:17

صدر ممنون حسین سے مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام روس جانے والی اسٹریٹ ..
ْاسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسٹریٹ چلڈرن بھی ہمارے جگر کے ٹکڑے ہیں اور زندگی کی تمام تر سہولتوں پر ان کابھی برابر حق ہے ،ان بچوں کو آگے لانے کے لیے مسلم ہینڈ کی خدمات قابلِ تعریف ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے یہ بات فٹ بال کے عالمی مقابلوں میں شرکت کے لیے مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام روس جانے والی اسٹریٹ چلڈرن کی ٹیم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ اور چیئرمین مسلم ہینڈانٹرنیشنل سید لختِ حسنین شاہ بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن کو کھیلوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے سلسلے میں مسلم ہینڈ ز کی خدمات قابلِ تعریف ہے اور یہ کوششیں صدقہ جاریہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایک صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیل بہت ضروری ہیں جن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

صدر مملکت نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ وہ جب کھیل کے میدان میں اتریں تو خود کو کسی سے کم نہ جانیں اور اپنے ملک کی عزت اور سربلندی کے جذبے کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں ہے۔ صدر مملکت نے کھلاڑیوں کو مزید نصیحت کی کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی پوری توجہ دیں کیونکہ تعلیم ہی سب سے بڑی طاقت ہے جو قوموں کو عروج اور سربلندی عطاکرتی ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت پیر امین الحسنات شاہ نے کہا کہ زندگی کی بہت سی نعمتوں سے محروم یہ بچے کامیابی کے جذبے کے ساتھ روس جارہے ہیں ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ وطن سے دور وطن کا پرچم سربلند کر کے لوٹیں گے۔