اسٹیک ہولڈرز نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنیکی یقین دہانی کرائی ہے ‘ چیئرمین پی سی سی

بدھ مئی 16:17

اسٹیک ہولڈرز نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنیکی یقین دہانی ..
لاہور۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) چیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، تمام اسٹیک ہولڈرز نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی کاوشوں میں اپنا بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے اجلاس کے دوران کیا ، اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا اخترمحمود، پیٹرن چیف چوہدری ارشد محمود، صدر چوہدری احمد نواز، نائب صدر سید مردان علی زیدی، جنرل سیکرٹری محمد عمران سیالوی ، فنانس سیکرٹری محمد عزیز اقبال ، ایگزیکٹو ممبران سفوان انور اور سید منظر عباس زیدی سمیت دیگر بھی موجود تھے ، اجلاس میں رمضان المبارک کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عہدیداروں نے چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا جنہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ، میاں عثمان نے کہا کہ تمام ڈیپارٹمنٹل سٹورز نہ صرف سرکاری ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کریں بلکہ اس کے مطابق فروخت کو بھی یقینی بنائیں ، انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں ڈیپارٹمنٹل سٹورز مالکان اپنا کردار ادا کریں گے ، انہوں نے کہا کہ تمام تھوک مارکیٹوں کے تاجروں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش کی طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنایا جائیگا تاکہ کسی کو بھی قلت کی آڑمیں مصنوعی مہنگائی کرنے کا موقع نہ ملے ۔