اسلام آباد ، لاہور ، پشاور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے

ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ مئی 15:46

اسلام آباد ، لاہور ، پشاور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 مئی 2018ء) : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد،، لاہور ، پشاور اور ملک کے دیگر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد ، لاہور ،اوکاڑہ ، قصور، پشاور ، مالاکنڈ، چترال ،ہنگو، بٹگرام، فیصل آباد،، گوجرانوالہ شانگلہ ، صوابی، لکی مروت ، سرگودھا، بونیر ، مری ، قائد آباد، ساہیوال ، پیر محل ، بھٹیاں، ایبٹ آباد،، ہری پور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی ، جبکہ زلزلے کی گہرائی 97 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز افغان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں زلزلے کے باعث سینیٹ کا اجلاس بھی دس منٹ کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ زلزلے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع بھی موصول نہیں ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلےکے جھٹکے نئی دہلی ،،مقبوضہ کشمیر اور کابل میں بھی محسوس کیے گئے۔ یاد رہے کہ آج صبح بھی ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اسلام آباد میں 8 بجکر 25 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کا دورانیہ 20 سے 30 سیکنڈز تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹراسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ خیبرپختونخوا کے شہروں صوابی، پاراچنار، سوات،، ایبٹ آباد،، مردان، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئےجبکہ پنجاب کے شہروں میانوالی، سرگودھا اور بھکر میں بھی زلزلےکے جھٹکے کی رپورٹس سامنے آئیں۔