نیب نے بھارت رقوم بھیجنے کے معاملے پر جلد بازی کا مظاہرہ کیا،

بغیر تحقیقات کے اتنا بڑا الزام نہیں لگایا جانا چاہئے تھا، انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بننے چاہیں ، میڈیا ہائوسزکی جانب سے رمضان المبارک کے احترام میں ناچ گانوں والے پروگرم بند ہونے چاہیں رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ مئی 16:45

نیب نے بھارت رقوم بھیجنے کے معاملے پر جلد بازی کا مظاہرہ کیا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے بھارت رقوم بھیجنے کے معاملے پر جلد بازی کا مظاہرہ کیا، بغیر تحقیقات کے اتنا بڑا الزام نہیں لگایا جانا چاہئے تھا ۔ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بننے چاہیں، میڈیا ہائوسزکی جانب سے رمضان المبارک کے احترام میں ناچ گانوں والے پروگرم بند ہونے چاہیں۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب قومی ادارہ ہے، جس طرح گزشتہ روز بغیر تحقیقات کے جلد بازی میں بھارت رقوم بھیجنے کے حوالے سے اتنا بڑا الزام لگایا گیا ، ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا، اس حوالے سے کمیٹی بنائی جائے جو اس معاملے کی تحقیقات کرے جبکہ اس حوالے سے چیئرمین نیب کو ہی وضاحت کرنی چاہئے ۔

(جاری ہے)

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبہ ناگزیر ہیں تاکہ عوام کے مسائل بنیادی سطح پر حل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت لسانی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کے حق میں نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا احترام سب پر لازم ہے، ٹی وی چینلز پر رمضان المبارک کے حوالے پروگرام ہونے چاہییں اور ان پروگراموں میں علما کرام کو مدعو کیا جائے جو عوام کو رمضان کے حوالے سے آگاہی دیں۔ان پروگراموں میں ان لوگوں کو نہ بلایا جائے جو رمضان المبارک کے تقدس سے آگاہ نہیں۔