پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے زیر اہتمام پہلی قومی کانفرنس کا انعقاد

بدھ 9 مئی 2018 16:45

لاہور۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے زیر اہتمام پہلی قومی کانفرنس گزشتہ روز یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی،کانفرنس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک، چیئرمین پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمد اکرم، ایم ڈی پی ٹی بی بی عبدالقیوم، چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈچوہدری محمد اسماعیل، سندھ، بلوچستان، کے پی کے ٹیکسٹ بک بورڈ اورآزاد کشمیر سمیت ملکی و غیر ملکی ماہرین تعلیم ، رائٹرز اورمختلف این جی اوزسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے تعلیمی نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور اسے جدید تقاضوں میں ڈھالنے سے ہی ہم اپنے بچوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم فراہم کرسکتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے تعلیمی میدان میں بہت زیادہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، ہماری کامیاب اور بہترین پالیسیوں کی بدولت شرح خواندگی میں اضافہ ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں جتنے سکول ہیں اتنے کسی اورصوبے میں نہیں ہیں، انہوںنے کہا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے 50 بلین روپے فراہم کئے گئے ، ہم نے وزیر اعلی پنجاب سے جتنے فنڈز بھی مانگے انہوں نے فراہم کئے ہیں، چین کے تعاون سے پنجاب میں بین الاقوامی سطح کی پہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی قائم کی گئی ہے، جس سے طلبہ پروفیشنل تعلیم حاصل کر کے ملک کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے، پی ٹی بی بی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل( ر) محمد اکرم نے کہا کہ نئی سکیم آف سٹڈی کے مطابق فنی تعلیمی نصاب پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے تا کہ طلبہ مستقبل میں ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہا کہ تعلیمی نصاب کے حوالے سے پی ٹی بی بی ایک بنیادی اہمیت کا حامل ادارہ ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمی میدان میں جتنی ڈیویلپمنٹ ہوئی ہے اسکو مد نظر رکھ کر نصاب کو تشکیل کیا جائے، انہوںنے بتایا کہ کانفرنس کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ کہ جو چیزیں پہلے نصاب میں شامل نہیں تھیں ان کو بھی نصاب کا حصہ بنایا جائے ، نئے نصاب میں انسانی حقوق اور اخلاقیات سمیت دیگر اسباق کو بھی شامل کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر نصاب جدید کوالٹی کے مطابق ہوگا تو نئی جنریشن بھی اس سے فائدہ اٹھائے گی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پی ٹی بی بی عبدالقیوم نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد دنیا میں تازہ ترین رجحانات کو نصاب میں کس طرح شامل کیا جا سکتا ہے اور ماہرین کی آراء کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی سفارشات پر عمل درآمد کے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں، اگر ہم نے جدید رجحانات کے مطابق نصاب تشکیل نہ دیا تو تبدیلی ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ حالات حاضرہ کے تقاضوں کے مطابق نصاب بنانا اولین ترجیح ہے اسی لئے پی ٹی بی بی کلاس ون سے سے کلاس 5 تک کا نصاب تبدیل کر دیا ہے اور کلاس 6 سے کلاس 12 تک کا نصاب پر بھی نظر ثانی کی جارہی ہے جس کو کو جلد مکمل کر لیا جائیگا جبکہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نصاب کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے کوشاں ہے۔