وزیر اطلاعات آزاد کشمیر نے نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ میں جدید سہولیات سے آراستہ جدید میڈیا سینٹر کا افتتاح کر دیا

بدھ 9 مئی 2018 16:58

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) وزیر اطلاعات ، سیاحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ مشتاق احمد منہاس نے نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ میں جدید سہولیات سے آراستہ جدید میڈیا سینٹر کا افتتاح کر دیا ۔ وزیر اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی نے بدھ کے روز فیتہ کاٹ کر جدید میڈیا سینٹر کا افتتاح کیا ۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت وآئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد،سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر امجد حسین منہاس، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد بشیر مرزا،ڈپٹی ڈائریکٹر عندلیب ساحر بٹ، انفارمیشن آفیسر مقصود احمد میر ،انفارمیشن آفیسر قراة العین شبیر، انفارمیشن آفیسر یاسر عارف اور محکمہ کے دیگر سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

افتتاح کے بعد ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال نے وزیر اطلاعات ،سیاحت وا ٓئی ٹی کو میڈیا سینٹر میں جدید سائونڈ سسٹم ، نئے فرنیچر، سٹیج ،برقی روشنی کے انتظامات اور ہال میں بیٹھنے کی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے جدید میڈیا سینٹر کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسے محکمہ میں خوبصورت اضافہ قراردیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ، سیاحت وآئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ محکمہ اطلاعات نے اپنے آپ کو ڈیجیٹل میڈیا دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے آپ کر تیار کر لیا ہے اور اس سلسلہ میں آئندہ مالی سال میں محکمہ کے مالی وسائل میں مزید اضافہ کیا جارہاہے ۔ خاص طور پر شعبہ اشتہارات کے بجٹ کو بڑھانے ،واجبات کی ادائیگی ، ضلعی دفاتر میں ایسے ہی میڈیا سینٹرز کے قیام اور پریس فائونڈیشن کے ذریعے ریاستی صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اور بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اس کیلئے صحافیوں کو ان کے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں معاونت کیلئے مزیدا قدامات بھی اٹھارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے صحافی تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مثبت تنقید کے ذریعے آزاد خطہ میں جمہوری نظام کو بھی مستحکم بنا رہے ہیں جس کو حکومت انتہا ئی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔