حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملا بلکہ کاروباری طبقہ بھی خوش ہے، وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی

بدھ 9 مئی 2018 16:58

حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملا بلکہ کاروباری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملا بلکہ کاروباری طبقہ بھی خوش ہے، نواز شریف کے وژن کے عین مطابق ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیر داخلہ پر حملہ 22 کروڑ عوام پر حملہ ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ بجٹ پر بحث کا سلسلہ جاری ہے، اگر اس میں کسی بھی شعبہ کے حوالہ سے کسی کے پاس اچھی تجاویز ہیں تو وہ ضرور دے، ایسی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا، موجودہ حکومت نے چھٹا بجٹ پیش کیا ہے جو نہ صرف عوام دوست بلکہ سرمایہ دار طبقہ کیلئے بھی قابل قبول ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ بجٹ پر کسی اپوزیشن کی سیاسی پارٹی نے احتجاج نہیں کیا اور اس حوالہ سے سڑکوں پر بھی نہیں آئے۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، ترقی کا سفر جاری ہے، بیرونی ممالک سے سرمایہ دار ملک میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کیا جبکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی جس کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ کئی سالوں کے بعد بحال ہوئی ہے۔ عابد شیر علی نے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ پر حملہ نہیں 22 کروڑ عوام پر حملہ ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔