الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کی جانب سے مستحق روہنگیا خاندانوں میں راشن تقسیم کر دیا گیا

بدھ 9 مئی 2018 16:58

ْکراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کی جانب سے مستحق روہنگیا خاندانوں میں راشن تقسیم کر دیا گیا ۔راشن تقسیم کرنے کی تقریب اراکان آباد کورنگی میں منعقد ہو ئی ۔ اس تقر یب کے مہمان خصوصی نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی تھے ۔تقریب میںامیرجماعت اسلامی ضلع بن قاسم عبدالجمیل خان ،امیرزون شیخ منصورفیروز، قاری عبدالرشید کے علاوہ مستحق برمی خاندان اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہم ملک بھر میں رنگ ونسل کی تفریق کے بغیر کام کر رہے ہیں جس کا واحدمقصد رضائے الٰہی کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم آپ کی خدمت کیلئے یہاں موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ برمی مسلمانوں کی مختلف طرح سے مدد کررہاہے۔رمضان فوڈ پیکیج کے تحت راشن کی تقسیم اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

حسین محنتی نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں سفید پوش آدمی کا جینا مشکل ہوگیا ہے اوروہ دووقت کی روٹی سے بھی محروم ہے۔ایسے میں الخدمت اور الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ ان ضرورت مندوں تک پہنچ کر ان کی مدد کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی مستحق فردکو امداد دینے کا مقصدیہ ہے کہ مشکل وقت میں اسکے ساتھ تعاون کرکے اسے اس کے پیروں پر کھڑا کیا جائے تاکہ وہ مشکل دور سے نکل کر اپنے خاندان کی کفالت کر سکے ۔انہوں نے مخیر حضرات کو بھی دعوت دی اور کہا کہ وہ نیکی کے کاموں میں جماعت اسلامی اور الخدمت کا ساتھ دیں۔