مقبوضہ کشمیر‘ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے ریمانڈ میں10دن کی توسیع

جیل میں علاج معالجے اورمناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان کی صحت تیزی سے گر رہی ہے‘ ترجمان دختران ملت رفعت فاطمہ کا بیان

بدھ 9 مئی 2018 17:06

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر کی ایک عدالت نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھی کارکنوں کے ریمانڈ میں مذید دس دن کی توسیع کردی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی ترجمان رفعت فاطمہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں آسیہ اندرابی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ آسیہ اندرابی کو ان کے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے کی سماعت کیلئے گزشتہ روز سرینگر کی ایک عدالت میں پیش کیاجانا تھا تاہم وادی کشمیرمیںبھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف جاری احتجاجی مظاہرے اور مظاہرین پر فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی وجہ سے حالات خراب ہونے پر انہیں عدالت میں پیش نہیں کیاگیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی پولیس نے حریت رہنماء کوعدالت میں پیش کئے بغیر ہی ان کے ریمانڈ میں جج سے توسیع کرالی ہے۔ ترجمان نے آسیہ اندرابی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں علاج معالجے اورمناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان کی صحت تیزی سے گر رہی ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی پولیس نے آسیہ اندرابی کو ساتھی کارکنوں جن میں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی بھی شامل ہیں کو 21اپریل کو ایک چھاپے کے دوران ضلع اسلام آباد کے علاقے آنچی ڈورہ سے گرفتارکرکے سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیا تھا۔