موجودہ حکومت کے دو سالوں میں قانون سازی پر بھرپور توجہ دی گئی ‘موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام یکجا ہو کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں‘ اس سے بھارتی افواج اور بھارتی نام نہاد جمہوریت کی حوصلہ شکنی ضرور ہو گی‘ترجمان آزاد کشمیراسمبلی

بدھ 9 مئی 2018 17:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے ترجمان نے موجودہ حکومت کے تقریبا ًدو سالہ دور میں قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دو سالوں میں قانون سازی پر بھرپور توجہ دی گئی ہے۔ سال 2016ء سے مئی 2018ء تک 52مسودات قوانین کو موثر بنانے قانون سازی میں حصہ لینے کے لیے حکومتی و اپوزیشن ممبران نے بھرپور کردار ادا کیاہے جو کہ کامیاب جمہوری اقدار کا حٴْسن ہے۔

اس سے معاشرے میں بہتری پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ مختصر عرصہ میں 139قرارداد ہا پاس کی گئی ہیں۔ ان میں زیادہ تر حق خودارادیت اور کشمیری عوام کے حق کو اٴْجاگر کرنے ، بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے سے متعلق ہیں۔

(جاری ہے)

بیرونی ممالک میں ممبران اسمبلی کے وفود بھی گئے ہیں جو اسی تاریخی تسلسل کی ایک کڑ ی ہیں۔

کشمیری عوام کی آزادی اٴْن کا تسلیم شٴْدہ حق ہے جس کے لیے جدو جہد سیاسی و سفارتی محاذ پر بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ آزاد کشمیر اسمبلی سے پاس ہونے والی قرارداد ہا سینٹ، قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلیوں تک رسائی حاصل کر رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب پاکستان کے جمہوری اداروں میں بھی کشمیری عوام کا حق آزادی تسلسل کے ساتھ گھونج رہا ہے۔ تحریک التواء توجہ دلائو نوٹسز اور ممبران کی جانب سے پوچھے گئے سینکڑوں سوالات کے بھی موثر جوابات دیے جاتے رہے۔

قانون ساز اسمبلی کی بلڈنگ کی از سر نو تعمیر ہونا باقی ہے کیونکہ زلزلہ کے بعد ماہرین تعمیرات نے اس کی از سر نو تعمیر کے حوالے سے رپورٹ دی تھی۔ سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اس بلڈنگ کی تعمیر نو کی منظوری بھی دے رکھی ہے، مرحلہ وار جلد یہ عالی شان عمارت تعمیر ہو سکے گی۔ موجودہ اسمبلی کے معزز ممبران اسمبلی ایوان کی کارروائی میں بھرپور دلچسپی لیتے ہیں اور دن بدن اس میں مزید بہتری آ رہی ہے اور یقینا" یکجا سوچ سے عوامی مسائل حل کرنے میں مدد ضرور ملتی ہے۔

موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام یکجا ہو کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں۔ اس سے بھارتی افواج اور بھارتی نام نہاد جمہوریت کی حوصلہ شکنی ضرور ہو گی۔