معذور افراد معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں،چیئرمین بلدیہ وسطی

بدھ 9 مئی 2018 16:40

کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) معذور افراد معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔ تھوڑی توجہ کی ضرورت ہے ۔ یہ بات مہمان خصوصی چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل سید ریحان ہاشمی نے پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ایسوسی ایشن اور محکمہ کھیل یوتھ افیئر ز حکومت سندھ کے تعاون سے لیبر ڈے وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ 2018 فائنل کی تقریب الفاروق کرکٹ گرائونڈ ناظم آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس مو قع پر مجید ابدانی، پاکستان وہیل چیئر کے سینئر نائب صدر ماجد داور،نائب صدر ساجد عباسی، جوائنٹ سیکریٹری سید ارسلان احمد ، میڈیا کوآرڈینیٹر سید محمد کامران حسن، کوچ سید فیضان باقر اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھی۔

ٹورنامنٹ میں کراچی وہیل چیئر کرکٹ کلب ،حیدر آباد وہیل چیئر کرکٹ کلب ، اور میرپور خاص وہیل چیئر کرکٹ کلب ، کی ٹیموں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کا افتتاح مہمان خصوصی شمونہ صدف ٹائون انچارج اسپورٹس ڈپارٹمنٹ ڈی ایم سی سینٹرل نے گیند کو الفاروق کرکٹ گرائونڈ ناظم آباد کراچی میں ہٹ لگا کر کیا ۔ شمونہ صدف نے مزید کہا کہ تمام ٹیموں کو محکمہ کھیل یوتھ افیئرز حکومت سندھ کی جانب سے خوش آمدید کہتی ہوں اور تمام کھلاڑیوں کو اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کھیلوں کی تقریب کیلئے ہمیشہ تعاون جاری رہے گا ۔

واضح رہے لیبر ڈے وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ 2018مورخہ4 مئی سے 6مئی تک الفاروق گرائونڈ ناظم آباد میں ہوا۔ واضح رہے کہ تینوں دن کا پلیئرز کے لئے ناشتہ، کھانا اور ٹرانسپورٹ اور رہائش کا خصوصی انتظام انتظامیہ نے کیا۔ افتتاحی میچ میں حیدر آباد وہیل چیئر کرکٹ کلب نے کراچی وہیل چیئر کو سنسی خیز مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے شکت دی۔ دوسرے میچ میں میرپور خاص وہیل چیئر کرکٹ کلب نے کراچی وہیل چیئر کرکٹ کلب کو6رن سے شکست دی ۔

فائنل میں میرپور خاص وہیل چیئر کرکٹ کلب نے حیدر آباد وہیل چیئر کرکٹ کلب کو سنسی خیز مقابلے کے بعد 1رن سے شکست دے کر لیبر ڈے وہیل چیئرکرکٹ ٹورنامنٹ2018 کی ٹرافی اپنے نام کی ۔ فائنل تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چیئرمین و سابقہ ممبر قومی اسمبلی سید ریحان ہاشمی ، مجید ابدانی، ڈاکٹر ہیرا لال لوہانو، محمد اکبر، ڈینٹل سرجن محمد یامین قریشی، ڈاکٹر رمشاء یونس، ماجد داور، محمد کامران حسن، سید فیضان باقر اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھے۔

مہمان خصوصی سید ریحان ہاشمی نے کہا کہ نوجوان خصوصی افراد معاشرے کا کار آمد حصہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس منفرد کھیل کا بھرپور ٹیلنٹ موجود ہے ۔ محکمہ کھیل حکومت سندھ اس ایونٹ کو منعقد کرانے کا تعاون فراہم کیا اور اس کو سراہا۔مجید ابدانی نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ صحتمند معاشرے کی ضمانت اور خصوصی افراد کھیلوں کے موقع فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔

مہمان خصوصی نے میرپور خاص کے کپتان راشد ملک کوونر ٹرافی اور 50ہزار روپے ، رنر اپ ٹرافی حیدر آباد کے کپتان شہزاد کو 25ہزار کیش پرائز دیا ۔جبکہ تیسری پوزیشن کراچی وہیل چیئر کے کپتان محمد شکیل کو 15ہزار روپے کیش پرائز دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین پلیئر راش ملک ، بہترین وکٹ کیپر محمد ندیم اور بہترین بولر محمد عرفان کو بالترتیب 15-15ہزار روپے کیش اور مین آف دی سیریز ساجد علی کو 25ہزار روپے کیش پرائز دیا گیا۔

ڈاکٹر یامین قریشی نے صوبائی وزیر کھیل سردارمحمد بخش خان مہر ، سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی ، محکمہ کھیل یوتھ افیئرز حکومت سندھ اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی کے نمائندگی کے طور پر عامر علی خان پی آر و اسپورٹس ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ ڈاکٹر نیاز علی عباسی کا پیغام محبت ہے انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اسپورٹس کی جانب سے سندھ بھر میں اسپورٹس کی سرگرمیاں جار ی رہیں گی۔ محکمہ کھیل حکومت سندھ کی جانب سے لیبر ڈے وہیل چیئر ٹورنامنٹ 2018میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے جبکہ پاکستان وہیل چیئر کی جانب سے مہمان خصوصی ، اسپیشل گیسٹ ،امپائر ، اسکورراور والنٹیئر کو شیلڈ و تعریفی اسناد دیئے گئے۔