وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ

پولیس نے ملزم عابد کے سہولت کار اور حملے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 مئی 2018 16:47

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 مئی 2018ء) : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر اتوار کو قاتلانہ حملہ ہوا جس میں ان کی جان تو بچ گئی لیکن وہ زخمی ہو گئے۔ پولیس نے گولی چلانے والے ملزم عابد کو گرفتار کر کے انسداد دہشتگردی کی عدالت سے اس کا 10 روزہ ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے۔ احسن اقبال حملہ کیس میں پولیس نے عابد کے علاوہ گلفام مسیح اور عابد کو پستول فراہم کرنے والا کوٹ اصالت کے رہائشی کاشف کو بھی گرفتار کیا تھا ، ملزم کی برین واشنگ کرنے والا شخص شاہد مدنی تاحال فرار ہے تاہم اب پولیس نے اس کیس میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

پولیس نے احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کرنے کے والے عابد کے سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے ماسٹر مائنڈ حافظ جمشید کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

حافظ جمشید مرکزی ملزم عابد حسین کے گاؤں کا امام مسجد تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف ٹیموں کو شاہد مدنی کی گرفتاری کا ٹارگٹ بھی دے دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ملزم عابد کا تعلق تحریک لبیک سے ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کے بعد سے پولیس متحرک ہو چکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے شکر گڑھ میں چھاپے مار کر مذہبی جماعت کے 8 سے زائد کارکنان اور رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ۔ گرفتار افراد کو مختلف تھانوں میں رکھا گیا ۔ پولیس نے تحریک لبیک سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے سرگرم کارکنوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے۔

گرفتار ہونے والوں میں پروفیسر سعید احمد، طیب، ارشد اور دیگر شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذہبی جماعتوں کے مزید سرگرم کارکنوں کو بھی تلاش کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔