امریکہ کی جوہری معاہدے سے دستبرداری ، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 2.4 فیصد اضافے سے 76.75 ڈالر ہوگئی اور برینٹ کروڈ کی قیمت نومبر 2014 کے بعد بلند ترین سطح پر جا پہنچی

بدھ 9 مئی 2018 17:38

امریکہ کی جوہری معاہدے سے دستبرداری ، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) امریکا کی جانب سے ایران سے ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا۔ ایران معاہدے سے دستبرداری پر عالمی تیل سپلائی غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے اور خام تیل کی قیمتیں ساڑھے 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 2.4 فیصد اضافے سے 76.75 ڈالر ہوگئی اور برینٹ کروڈ کی قیمت نومبر 2014 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچی ہے۔

(جاری ہے)

ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 2.2 فیصد اضافے سے 70.61 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا۔تیل کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار رہنے کا خدشہ جب کہ نرخ مستحکم رکھنے کے لیے سعودی عرب نے تیل کی پیداوار بڑھانے کا اشارہ دیا ہے۔یاد رہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کے بعد تہران اہم آئل ایکسپورٹر بن کر سامنے آیا اور سعودی عرب اور عراق کے بعد خام تیل برآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن کر ابھرا تھا۔ایران کی تیل کی برآمدات 26 لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچ چکی ہیں۔۔