ایران کیساتھ جوہری معاہدہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں، یورپی یونین

بدھ 9 مئی 2018 18:03

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) امریکی صدر ٹرمپ کے ایران کیساتھ عالمی جوہری معاہدے سے امریکی انخلا کے اعلان کے بعد یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ اس معاہدے پر کاربند رہنا چاہتی ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز یکطرفہ اعلان کر دیا تھا کہ امریکا اس ڈیل سے دستبردار ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

بد ھ کو اپنے ایک بیان میں یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگیرینی نے ایران سے اپیل کی کہ وہ بھی امریکی انخلا کے باوجود اس معاہدے پر کاربند رہے،ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق عالمی طاقتوں کا تہران کیساتھ یہ معاہدہ بارہ برسوں کی سفارت کاری کا نچوڑ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ سب کا ہے اور کسی ایک کو اسے ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ موگیرینی نے عالمی برادری کیساتھ مل کر اس معاہدے کو برقرار رکھنے کا عندیہ بھی دیا۔جرمنی،فرانس اور برطانیہ بھی اس معاہدے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔