مینارپاکستان پر متحدہ مجلس عمل کے 13مئی کے جلسہ کی اجازت دینے سے انکار پر ڈپٹی کمشنر لاہور کوخط

ضلعی انتظامیہ اور حکومت ہٹ دھرمی چھوڑ کر انتخابی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے تعاون کرے‘میاں مقصود احمد

بدھ 9 مئی 2018 18:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے حکومت کی جانب سے متحدہ مجلس عمل کو 13مئی کومینارپاکستان کے مقام پر جلسہ عام کی اجازت دینے سے انکار پرشدید تشویش کا اظہار کیاہے۔انہوں نے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمدکو خوش اسلوبی سے انتظامی امور نمٹانے اور دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس کو مینار پاکستان پرجلسہ عام منعقد کرنے کے حوالے سے خط ارسال کیا ہے جس میں کہاگیاہے کہ ’’مینار پاکستان پر متحدہ مجلس عمل کے 13مئی کے جلسہ کے حوالے سے آپ کا جواب حوالہ نمبرADC(HQRS)/HC-II/971DATED:5-5-2018موصول ہواہے ، جو انتہائی حیران کن اور پریشان کن ہے۔

مینار پاکستان کی تاریخ میں قیام پاکستان سے پہلے بھی جلسے ہوتے رہے ہیں، اسی جگہ پرہی قرارداد پاکستان منظور ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

حال ہی میں دو بڑے جلسے اپریل کے مہینے میں منعقد ہوچکے ہیں۔ اس تاریخی پس منظر اور موجودہ سیاسی حالات میں آپ کا جواب مناسب نہیں ہے۔ براہ کرم اس پر غور کیا جائے۔ انتخابات کے زمانے میں اس طرح کا ماحول پیدا کرنا دانش مندانہ عمل نہیں ہوگا۔ انتخابات کے بعد تمام سٹیک ہولڈرز کو بٹھا کر کوئی مناسب لائحہ عمل تیار کیا جاسکتا ہے لیکن فی الحال ہمارا جلسہ اسی جگہ ہوگا۔ آپ سے درخواست ہے کہ انتخابی عمل کو احسن انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے۔