ملکی سلامتی اور اسلامی نظام کا تحفظ ہی دینی جماعتوں کے اتحاد کا مقصد ہے‘ذکر اللہ مجاہد

مئی کو مینارپاکستان پر ایم ایم اے لاہور میں اپنی سیاسی قوت کا بھر پور مظاہرہ کریگی ‘امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور

بدھ 9 مئی 2018 18:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی اور اسلامی نظام کا تحفظ ہی دینی جماعتوں کے اتحاد کا مقصد ہے ، ایم ایم اے پاکستان کے نامکمل ایجنڈے اور مقاصد کی تکمیل کے ہر سطح پر اپنی کوشش جاری رکھے گی ،13 مئی کو مینارپاکستان پر ایم ایم اے لاہور میں اپنی سیاسی قوت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی جس کی تیاریاں عروج پر ہیں ۔

ان خیالات کاظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں 13 مئی کو مینار پاکستان پر ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلہ میں انتظامی کمیٹیوں کے جائزہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی جماعتیں متحد ہو کر ملک میں استعماری قوتوں کے پیروکار سیکولر طبقات کے مزموم عزائم کو ناکام بنائیں گئیںاور وہ تمام قوتیں جو کہ اس بات کا پرچار کرتی ہیں کہ دین کا نام لینے والے اکٹھے نہیں ہو سکتے لیکن اب سب پریشان ہیں کہ یہ اکٹھے کیوں ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 13 مئی کو مینار پاکستان پر مذہبی جماعتوں کا یہ اتحاد ان تمام قوتوں کو منہ توڑ جواب دے گا اور اس ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے قیام اوراسلامی و خوشحال پاکستان کی بنیاد ثابت ہو گا ۔ اس لیے تمام دینی جماعتیں گلی اور محلے کی سطح تک رابطوں کو موثر بنائیں تاکہ 13 مئی کو جلسہ عام میں بھر پور شرکت اور حاضری کو یقینی بنایاجا سکے ۔