وزیراعظم آزاد کشمیر کی راولا کوٹ شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے پی سی ون کی تیاری، ہل سٹیشن سکیم

، راولا کوٹ ہائوسنگ سکیم کی بحالی وبہتری کی ہدایت

بدھ 9 مئی 2018 18:47

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان نے راولاکوٹ شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے فوری طور پر پی سی ون کی تیاری ،ہل سٹیشن سکیم کی دوبارہ بحالی ،راولاکوٹ ہائوسنگ سکیم کی بحالی و بہتری ،شہر کے اندر سولر لائٹس لگانے،سیوریج ،پانی کی کمی ،صحت عامہ جیسے دیگر مسائل کے حل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولاکوٹ میرا اپنا شہر ہے اس شہر کی خوبصورتی اور تعمیر و ترقی کے امور کی خود نگرانی کروں گا راولاکوٹ شہر کی خوبصورتی کے لیے فوری طور پروسائل فراہم کیے جائیں گے ۔

بنجوسہ ہائوسنگ سکیم کے الاٹیوں کو فوری طور پر متبادل اراضی مہیا کی جائے شہری علاقوں سمیت سیاحتی مقامات خاص طور پر بنجوسہ کی صفائی و ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔

(جاری ہے)

تعمیر نو کے منصوبہ جات میں اراضی مالکان کو فوری طور پر معاوضہ جات ادا کئے جائیں راولاکوٹ شہر کی ترقی اور خوبصورتی کیلئے حکومت تمام تر وسائل مہیا کرے گی راولاکوٹ کو سیاحتی مرکز بنا کر یہاں روزگار کے مواقع پیدا کریں گے اور سیاحتی شعبہ کیلئے سرمایہ کاروں کو جملہ سہولیات مہیا کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پر ل ڈویلپمنٹ اتھارٹی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا بورڈ کے اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ،سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ پرنسپل سیکرٹری ہمراہ وزیراعظم ،سیکرٹری سیراء ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،چیئرمین پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی فرہاد علی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ راولاکوٹ خوبصورت سیاحتی مقام ہے راولاکوٹ شہر کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور ماحولیاتی مسائل کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں راولاکوٹ کو آزادکشمیر کا خوبصورت علاقہ ہے اسے صاف ستھرا ماحول دوست اور خوبصورت ترین شہر بنایا جائے گا شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش ،سیاحوں اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری طور پر پی سی ون مرتب کیا جائے حکومت اس کے لیے وسائل فراہم کرے گی ۔

راولاکوٹ شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے فوری طور پر 4ملین روپے مہیا کیے جائیں۔ راولاکوٹ ہل سٹیشن سکیم کو دوبارہ بحال کیا جائے اور شہر کے اندرفوری طور پر سولر لائیٹس کی تنصیب کا کام شروع کیا جائے ہائوسنگ سکیم راولاکوٹ کی بحالی و بہتری کے لیے مطلوبہ وسائل مہیا کیے جائیں گے شہر کے اندر یا مضافات میں چلڈرن پارک تعمیر کیا جائے سیوریج سسٹم اور واٹر سپلائی سکیمیں مرتب کی جائیں گی نوجوانوں کو تفریحی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے ،اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تاریخی شہر راولاکوٹ کو خوبصورت بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں شہر کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھوں کی تعمیر ،سیوریج سسٹم ،نکاسی آب اور سٹریٹ لائیٹس کے منصوبوں پر بھی جلد از جلد کام شروع کرایا جائے ،اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ تعمیر نو کے منصوبہ جا ت کے متاثرین اراضی کو فوری طور پر معاوضہ جات کی ادائیگی یقینی بنائیں معاوضہ جات کی ادائیگی کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ایراء حکام سے رابطہ کر کے معاملات یکسو کرائیں گے بورڈ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر نے بنجوسہ کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے لیے کمشنر پونچھ کی سربراہی میں بنی کمیٹی کوکام تیز کرنے اور آئندہ مالی سال میں سی ایم ایچ راولاکوٹ کو اضافی فنڈز فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے اس موقع پر آگاہ کیا گیا کہ راولاکوٹ میں پانی کی قلت دور کرنے کے لیے 24کروڑ گیلن پانی کی صلاحیت والا دریک ڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے یہ منصوبہ ہر حال میں مقررہ مدت کے اندر مکمل کرایا جائے گا وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ماسٹر پلاننگ کرے گی اس سکیم میںراولاکوٹ اور مضافات کے سیاحتی مقامات کو ترجیح دی جائے گی۔