ملک نواز شریف کے وژن کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیرداخلہ پر حملہ 22 کروڑ عوام پر حملہ ہے، عابد شیر علی

عوام دوست بجٹ سے عوام کو ریلیف ملا ہے، بجٹ کے حوالے سے کسی کے پاس تجاویز ہیں تو ضرور دے، خیر مقدم کرینگے، صحافیوں سے گفتگو

بدھ 9 مئی 2018 19:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک نواز شریف کے وژن کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیرداخلہ پر حملہ 22 کروڑ عوام پر حملہ ہے، عوام دوست بجٹ سے عوام کو ریلیف ملا ہے، بجٹ کے حوالے سے کسی کے پاس تجاویز ہیں تو ضرور دے، خیر مقدم کرینگے ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ بجٹ پر بحث کا سلسلہ جاری ہے، اگر اس میں کسی بھی شعبہ کے حوالہ سے کسی کے پاس اچھی تجاویز ہیں تو وہ ضرور دے، ایسی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا، موجودہ حکومت نے چھٹا بجٹ پیش کیا ہے جو نہ صرف عوام دوست بلکہ سرمایہ دار طبقہ کیلئے بھی قابل قبول ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ بجٹ پر کسی اپوزیشن کی سیاسی پارٹی نے احتجاج کیا نہ وہ سڑکوں پر آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور ترقی کا یہ سفر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک سے سرمایہ دار ملک میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ کئی سالوں کے بعد بحال ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، کیونکہ یہ حملہ وزیر داخلہ پر نہیں 22 کروڑ عوام پر حملہ ہے۔