پاکستان کے ٹیکسٹائل اور خوردنی اشیا کے شعبوں میں دل چسپی رکھتے ہیں،ترک قونصل جنرل

حالات سرمایہ کاری کے لیے اتنہائی ساز گار ہوچکے ہیں، کاٹی کی تقریب میں طارق ملک اور دیگر کا اظہار خیال

بدھ 9 مئی 2018 19:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں، ترک کمپنیاں ٹیکسٹائل اور خوردنی اشیا کے شعبوں میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ یہ بات کراچی میں تعینات ترکی کے قونصل جنرل تولگا اچک نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں اپنے خطاب کے دوران کہی جبکہ اس موقع پر کاٹی کے صدر طارق ملک، سنیئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، زبیر چھایا، گلزار فیروز اور دیگر بھی موجود تھے۔

کاٹی کے صدر طارق ملک نے ترک قونصل جنرل کا کاٹی آمد پر خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات کی ایک شاندار تاریخ ہے۔ طارق ملک نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے فضا ساز گار ہے اور ترک سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدہ (ایف ٹی ای) ہونے کی توقع بھی ظاہر کی۔

بعدازاں ترک قونصل جنرل تولگا اچک نے دونوں ممالک کے تاجر و صنعت کار برادری کے مابین بزنس ٹو بزنس تعلقات میں اضافہ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل ، خوردنی اشیا اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے لیے دونوں ممالک میں کئی مواقع ہیں، باہمی رابطے بڑھا کر ان سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر ترکی کے کمرشل اتاشی مراد موستو نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے امکانات کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :