سٹریٹ چلڈرن بھی ہمارے جگر کے ٹکڑے ہیں اور زندگی کی تمام تر سہولتوں پر ان کا بھی برابر حق ہے،

ان بچوں کو آگے لانے کیلئے مسلم ہینڈ کی خدمات قابلِ تعریف ہیں صدر مملکت ممنون حسین کی سٹریٹ چلڈرن ورلڈکپ میں شرکت کیلئے مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام سٹریٹ چلڈرن کی ٹیم سے بات چیت

بدھ مئی 19:23

سٹریٹ چلڈرن بھی ہمارے جگر کے ٹکڑے ہیں اور زندگی کی تمام تر سہولتوں پر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سٹریٹ چلڈرن بھی ہمارے جگر کے ٹکڑے ہیں اور زندگی کی تمام تر سہولتوں پر ان کا بھی برابر حق ہے، ان بچوں کو آگے لانے کیلئے مسلم ہینڈ کی خدمات قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو ماسکو میں منعقد ہونے والے سٹریٹ چلڈرن ورلڈکپ میں شرکت کیلئے مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام سٹریٹ چلڈرن کی ٹیم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ اور چیئرمین مسلم ہینڈ انٹرنیشنل سیّد لختِ حسنین شاہ بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سٹریٹ چلڈرن کو کھیلوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے سلسلہ میں مسلم ہینڈز کی خدمات قابلِ تعریف ہے اور یہ کوششیں صدقہ جاریہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیل بہت ضروری ہیں جن کے فروغ کیلئے کی جانے والی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

صدر مملکت نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ وہ جب کھیل کے میدان میں اتریں تو خود کو کسی سے کم نہ جانیں اور اپنے ملک کی عزت اور سربلندی کے جذبہ کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں۔ صدر مملکت نے کھلاڑیوں کو مزید نصیحت کی کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی پوری توجہ دیں کیونکہ تعلیم ہی سب سے بڑی طاقت ہے جو قوموں کو عروج اور سربلندی عطاکرتی ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت پیر امین الحسنات شاہ نے کہا کہ زندگی کی بہت سی نعمتوں سے محروم یہ بچے کامیابی کے جذبہ کے ساتھ روس جا رہے ہیں ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ وطن سے دور وطن کا پرچم سربلند کر کے لوٹیں گے۔