سٹی ٹریفک پولیس لٹن روڈ پر حادثات کی روک تھام کے لیے حرکت میں آگئی‘بیرئیر لگا کر روڈ کو بند کر دیا

بدھ 9 مئی 2018 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی مصروف اور نہایت گنجان آباد شاہراہ لٹن روڈ پر حادثات کی روک تھام کے لیے حرکت میں آگئی، دونوں جانب بیرئیر لگا کر روڈ کو بند کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور کی خونی سڑک لٹن روڈ کئی زندگیاں نگل چکی ہے لیکن کسی بھی حکومتی ادارے کو یہاں سپیڈ بریکر بنانے کا خیال نہیں آیا۔

(جاری ہے)

سی ٹی او رائے اعجاز نے لٹن روڈ پر حادثات کی روک تھام کیلئے سڑک کے دونوں جانب بیرئیرز لگا کر رات کے اوقات میں بڑی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیاذرائع کے مطابق قرطبہ چوک اور جین مندر چوک میں بیرئیرز پر وارڈنز بھی تعینات کر دئیے گئے جو لٹن روڈ کی جانب آنے والی گاڑیوں کو متبادل راستے کی نشاندہی میں مدد فراہم کریں گے۔ رات دس سے صبح سات بجے تک لٹن روڈ پر صرف چھوٹی گاڑیاں ہی داخل ہوسکیں گی۔