تعلیمی معیار بلند کرنے اور ناخواندگی کے خاتمہ کیلئے پاک آرمی حکومت کے ساتھ مل کر خدمات سرانجام دے رہی ہے ،

نسل نو کوزیور ِ تعلیم سے آراستہ کرنا ملک و قوم کے مفاد اور ہمارے ترقی کے لئے انتہائی لازمی امر ہے،کمانڈنٹ 33ڈویژن میجرجنرل ندیم ذکی منج

بدھ 9 مئی 2018 20:04

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) کمانڈنٹ 33ڈویژن میجرجنرل ندیم ذکی منج نے کہاہے کہ تعلیمی معیار بلند کرنے اور ناخواندگی کے خاتمہ کے لئے پاک آرمی حکومت کے ساتھ مل کر خدمات سرانجام دے رہی ہے ، ہماری نسل نو کوزیور ِ تعلیم سے آراستہ کرنا ملک و قوم کے مفاد اور ہمارے ترقی کے لئے انتہائی لازمی امر ہے ، جس کے لئے ہر شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے ، آرمی پبلک اسکول خضدار اعلیٰ تعلیمی درسگاہ ہے جو عرصہ دراز سے سے نونہالان کو تعلیم کی روشنی سے ہمکنار کررہاہے ، ہماری کوشش ہو گی کہ اس ادارے کو مذید وسعت دیں ، اور زیادہ سے زیادہ شہر کے بچوں کو یہاں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آرمی پبلک اسکول ، اینڈ کالج خضدارکینٹ میں سالانہ والدین ڈے تقریب سے بطور مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

تقریب میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے وائس چانسلر انجینئر محمدامین اعزاز ی مہمان تھے ، جب کہ کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی و دیگر سویلین و آرمی آفیسرز نے شرکت کی ۔

تقریب سے وائس چانسلر خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی انجینئر محمدامین نے بھی خطاب کیا ۔ کمانڈنٹ 33ڈویژن میجرجنرل ندیم ذکی منج نے کہاکہ میری کوشش ہے کہ یہاں تعلیمی ادارے معیاری ہوں بچے لکھیں پڑھیں اور ہمارا مستقبل تعلیم یافتہ ہو ، آنے والے مستقبل کے چیلنجز سے صرف تعلیم یافتہ طبقہ ہی نمٹ سکتا ہے ، تو ہم اپنی تمام تر توجہ تعلیمی ترقی اور معیاری تعلیم پر مرکوز کردیں اور اداروں کے معیار اور وسعت کوبڑھائیں میں ایک استاذ باپ اور معلمہ ماں کا بیٹا ہوں ، اس حوالے سے تعلیمی معیار کو بلند کرنا اوراسے ترقی دینامیراخواب ہے ، میری کوشش ہوگی کہ شعبہ تعلیم پر کام کروں تعلیمی اداروں کے معیار اور ترقی کو آگے بڑھائوں ،اس کے لئے پلاننگ بھی کریں گے اور تمام طبقات کی مشاورت سے تعلیمی معیار کو آگے بھی بڑھائیں گے ۔

وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار انجینئر محمد امین نے کہاکہ مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ موجودہ وقت میں ہر شعبہ تعلیمی ترقی کے لئے اپنی بساط کے مطابق کوششیں کررہاہے اور ان کی کوششیں رنگ بھی لارہی ہیں ، معیار تعلیم کو بلند کرنے اور ہر بچے کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنانے کے لئے کوششیں کامیابی کے ساتھ جاری ہیں آرمی پبلک اسکول خضدار میں اپنا اچھا رول پلے کررہاہے اس سے قبل بھی نرسری سے کالج تک بچوں کے کئی کھیپ تعلیم یافتہ بن کر یہاں سے فارغ ہوچکے ہیں ، جن کو اعلیٰ معیار کا اور سستی تعلیم مل چکی ہے ، انہوںنے کہاکہ میجرجنرل ندیم ذکی کے آنے سے ہمیں اور زیادہ حوصلہ ملا ہے وہ دیگر شعبوں کی طرح تعلیمی شعبے کی ترقی کے لئے جو اقدام اٹھارہے ہیں مستقبل و قریب میں اس کے اچھے نتائج برآمد ہونگے ، کوشش ہے کہ جس طرح شہروں میں بچوں کی معیاری تعلیم حاصل کرنے کی سہولت مل رہی ہے اسی طرح دیہی علاقوں میں بھی بچوں کو معیاری تعلیم ملے اور وہ مستقبل کے معمار بن جائیں ۔

تعلیم انسان کی معاشرتی ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہے ، جو قومیں تعلیم میں رتبہ حاصل کرلیتے ہیں وہی قومیں پوری دنیاء میں کامیابی حاصل کرلیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :