عوامی مسائل کے حل کے لئے بجٹ میں کئے جانے والے اقدامات خوش آئند ہیں، توانائی بحران کے حل سے ملکی معیشت ترقی کرے گی،براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں،سینیٹ میں ارکان کا اظہار خیال

بدھ 9 مئی 2018 20:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) سینیٹ کے ارکان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے بجٹ میں کئے جانے والے اقدامات خوش آئند ہیں۔ توانائی کے بحران کے حل سے ملکی معیشت ترقی کرے گی۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے بھرپور اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر میاں عتیق شیخ نے کہا کہ صنعتی شعبہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔

اس شعبہ کو مزید سہولیات دینے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر گل بشریٰ نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے خواتین کو بھی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کسی بھی حکومت کے معاشی اقدامات کی نظیر ہوتا ہے۔ معیشت جب تک ترقی نہیں کرے گی ہم عوام کو سہولیات نہیں دے سکتے۔

(جاری ہے)

سینیٹر گیان چند نے کہا کہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سہولیات دی جا سکتی تھیں۔

ہمیں اپنی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے وسائل پیدا کرنے ہوں گے۔ سینیٹر کرشنا کماری نے کہا کہ پسماندہ اور غریب افراد کی بہتری کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسے علاقے جہاں پر سہولیات کی کمی ہے انہیں بھی ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جانا چاہئے۔ سینیٹر شاہین خالد بٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات میں بہت بہتر بجٹ پیش کیا ہے۔ معیشت کے تمام شعبے اس وقت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی کے چنگل سے نکالنے اور توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے موجودہ حکومت نے جس طریقے سے کام کیا ہے اسے سراہا جانا چاہئے۔