عورتوں اور بچوں پر تشدد کی روک تھام ، پولیس جوانوں کے رویوں میں تبدیلی کے سلسلہ میں تین روزہ کورسز کی اختتامی تقریب

تھانے میں آنے والے شہریوں و سائلین کے ساتھ پولیس کا رویہ ہی پولیس کی پہچان ہوتی ہے، ناصر محمود ستی

بدھ 9 مئی 2018 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) عورتوں اور بچوں پر تشدد کی روک تھام اور پولیس جوانوں کے رویوں میں تبدیلی کے سلسلہ میں تین روزہ کورسز کی اختتامی تقریب پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہیڈ کوارٹرز ناصر محمود ستی، ایس پی ہیڈ کوارٹرز سمیرا اعظم، سیّد صفی روزن کے علاوہ کورس میں حصہ لینے والے پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ناصر محمود ستی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس روزن کی تہہ دل سے مشکور ہے جو مسلسل پولیس افسران و جوانوں کی استعداد کار میں اضافہ اور ان کے رویوں میں تبدیلی کے سلسلہ میں کورسز کا انعقاد کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں شرکاء کورس کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، عوام کی پولیس سے بہت توقعات ہوتی ہیں، دوسرے صوبوں کی نسبت اسلام آباد پولیس رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

تھانے میں آنے والے شہریوں و سائلین کے ساتھ پولیس کا رویہ ہی پولیس کی پہچان ہوتی ہے، اگر بہتر رویہ ہو گا تو پورے پولیس ڈیپارٹمنٹ کا سر فخر سے بلند ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کورسز کا مقصد شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا اور پولیس جوانوں کے رویوں میں تبدیلی لانا ہے ۔ہم نے تھانہ کلچر کو تبدیل کرنا ہے اور شہریوں اور پولیس کے درمیان دوریوں کو کم کرنا ہے اور اس سلسلہ میں اسلام آباد پولیس نے کمیونٹی پولیسنگ کا پراجیکٹ بھی شروع کیا ہوا ہے جو کامیابی سے جاری ہے۔

روزن کے سیّد صفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسلام آباد پولیس کے ساتھ کام کرتے ہوئے کافی عرصہ ہوگیا ہے اور روزن کی جانب سے پولیس جوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مختلف کورسز کا انعقاد کراتی ہے۔

متعلقہ عنوان :