وفاقی پولیس کی جانب سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایس او ایس کال کے ذریعے ریہرسل

بدھ 9 مئی 2018 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) وفاقی پولیس کی جانب سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایس او ایس کال کے ذریعے ریہرسل کی گئی جس میں پولیس کے سینئر افسران، پاک آرمی، پاک رینجرز، دیگر لاء انفورسمنٹ ایجنسیز، سی ڈی اے، این ایف ایس اے، فائر بریگیڈز اور ایمبولینسز نے حصہ لیا۔ وفاقی پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد نے دوسری لاء انفورسمنٹ ایجنسیز کے ساتھ مل کر ایک جامع ایس او پی بنایا ہے جس کے مطابق بدھ کو ایک بوگس کال دی گئی کہ نیشنل لائبریری میں بم دھماکے کی اطلاع اور کچھ دہشت گرداندر داخل ہو گئے ہیں جس پر وفاقی پولیس کے سینئر افسران جن میں آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری، ڈی آئی جی آ پر یشنز وقار احمد چوہا ن سمیت پاک آرمی، پاک رینجرز کے افسران کے علاوہ دیگر لاء انفورسمنٹ ایجنسیز، نیشنل فرانزک سائنس ایجنسی اور وفاقی پولیس کے تمام ونگز جائے وقوعہ پر پہنچے۔

(جاری ہے)

ایس او پی کے مطابق مقررہ وقت کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ اسی دوران پولیس کے دوسرے تمام ونگز بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور اپنی اپنی پوزیشنیں سنبھال لیں اور متعلقہ اقدامات پر فوری عمل درآمد شروع کر دیا۔فرضی کال چلتے ہی ضلع بھر میں ہائی الرٹ کردیا گیا اور تمام داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی جبکہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

اسی طرح ایس او پی کے مطابق جائے وقوعہ پر ایک میڈیا کارنر بنایا گیا جس کا مقصد میڈیا کو اصل حقائق کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ اس میڈیا کارنر پر میڈیا کو اس ریہرسل کے بارے میں آئی جی اسلام آباد نے تفصیلی بریفنگ دی۔واضح رہے کہ مذکورہ بوگس کال کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریہرسل کے طور پر دی گئی تھی جس کے متعلق اسلام آباد پولیس کے افسران کو پہلے نہیں بتایا گیا تھا۔

بوگس کال کے انائونس ہوتے ہی وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی۔ ریہرسل کے اختتام پر آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ ایس او پی کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ریہرسل کا بنیادی مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنا ہے اور وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔اس ریہرسل کا بنیادی مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس اور دیگر تمام اداروں کا اپروچ ٹائم کو چیک کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تمام افسران خصوصاًپولیس کے کمانڈوز نے اپنے اپنے کردار کو بہترین طریقے سے ادا کیا ہے۔ ریہرسل میں جہاں اسلام آباد پولیس کے تمام ونگز کے افسران نے اپنا کردار ادا کیاوہاں دیگر متعلقہ شعبوں فائربریگیڈ، ایمبولینسز نے بروقت اپروچ کی ہے اس ایس او پی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اہم ثابت ہو گا۔یہ ریہرسل کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گی اور اس میں جوغلطیاں ہوئیں ان پر دوبارہ قابو پایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ریہرسل آئندہ بھی ہو گی۔ آئی جی اسلام آباد نے ریہرسل میں شامل اسلام آباد پولیس اور دیگر اداروں کے افسران کی ایس او پی کے مطابق تمام اقدامات اور جائے وقوعہ پر بروقت اپروچ پر ان کی کارکردگی کو سراہا ہے اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی تمام افسران ایسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔